Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’ٹھائیں ٹھائیں‘‘ بول کرانکاؤنٹر کرنیوالے پولیس افسر کیلئے بہادری کا ایوارڈ

میرٹھ۔۔۔۔گزشتہ روز اتر پردیش پولیس کا وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں پولیس کی پستول ناکارہ ہوجانے کے بعد ایس آئی نے منہ سے ’’ٹھائیں ٹھائیں‘‘ کی آواز نکال کر انکاؤنٹر کیا تھا۔ یہ وڈیو شاملی سے جاری کیا گیاتھا جس پر یوپی پولیس کی میڈیا پر ہنسی اڑائی گئی۔اب محکمہ پولیس نے ٹھائیں ٹھائیں بولنے والے انسپکٹر کو انعام سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔یوپی پولیس کے مطابق داروغہ منوج نے بدمعاشوں کیخلاف کارروائی کے وقت نہایت بہادری کا مظاہرہ کیالہذا بہادری کے ایوارڈ کیلئے ان کا نام ڈی جی پی کو ارسال کیا جائیگا۔ایس پی یمنا پرساد نے کہا کہ میرے معاون ایس آئی منوج کمار نے ایک ہیرو کا کردار ادا کیااور محکمہ ان کی بہادری کا معترف ہے۔یمنا پرساد نے کہا کہ بدمعاشوں کیخلاف کارروائی کے دوران پولیس انسپکٹر کا پستول خراب ہوجانے کے بعد انہوں نے اپنے معاونین کا حوصلہ بڑھانے کیلئے منہ سے ٹھائیں ٹھائیں کی آواز نکال کربہادری کا مثالی نمونہ پیش کیا۔

ٹھائیں ٹھائیں کا پورا واقعہ

:
13اکتوبر کو اسمولی تھانہ علاقے کی پولیس نے رات ساڑھے 11بجے گاڑیوں کی تفتیش کے دوران موٹر سائیکل پر سوار2افراد کو روکنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار بیریر توڑ کر بھاگنے لگے۔ پولیس نے ان کا تعاقب کیا تو دونوں گنے کے کھیت میں گھس گئے۔ پولیس نے اضافی دستے طلب کرلئے اور ان کا محاصرہ کرلیا۔کھیت میں داروغہ منوج کمار اور پولیس اہلکار بلرام نے مورچہ سنبھالا۔ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔منوج نے ریوالور سے فائرنگ کی کوشش کی لیکن ناکام ہوگئے۔ اس کے بعد انہوں نے منہ سے ٹھائیں ٹھائیں کی آواز نکالتے ہوئے آگے بڑھنا شروع کردیا۔13سیکنڈ کی اس وڈیو میں منوج کہتے نظر آرہے ہیں ’’مارو، مارو، گھیرو گھیرو، ٹھائیں ٹھائیں‘‘۔منوج 28سال سے محکمہ پولیس میں تعینات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے دن جو کچھ کیا اس پر کوئی شرمندگی نہیں۔میں  بدمعاشوں پر واضح کرنا چاہتا تھا کہ وہ پولیس کے گھیرے میں ہیں۔
مزید پڑھیں:- - -  - -جھارکھنڈ:نکسلیوں کا پُرتشدد ہنگامہ،11ٹرک نذرآتش
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں
رائے دیں، تبصرہ کریں
 

شیئر: