Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپرکلاسک فٹبال چیمپیئن شپ: برازیل نے ٹرافی جیت لی

جدہ:سابق ورلڈ چیمپیئن برازیل نے اپنی روایتی حریف اور پڑوسی ملک کی ٹیم ارجنٹائن کو 0-1سے شکست دے کر سعودی عرب میں کھیلی جانیوالی 4ملکی سپرکلاسک فٹبال چیمپیئن شپ کی ٹرافی جیت لی ۔میزبان سعودی عرب اور عراق کی ٹیموں نے بھی چیمپیئن شپ میں حصہ لیا ۔برازیل اور ارجنٹائن کی ٹیموں کی شہرت اور اہمیت کے پیش نظر جدہ کے کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی میں ہونے والے اس میچ کو ”سپر کلاسیکو“ کا نام دیا گیا۔میچ کا فیصلہ انجری ٹائم کے دوران برازیلی کپتان نیمار کی جانب سے لگائے جانے والے کارنر پر میرانڈا کے گول سے ہوا۔چیمپیئن شپ کے ابتدائی 3میچ ریاض میں کھیلے گئے تھے۔ دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ خاص طور پر ارجنٹائنی ٹیم جس میں لیونل میسی سمیت کئی اہم کھلاڑیوں شامل نہیں تھے مخالف ٹیم کو روکنے میں کامیاب رہی ۔اسٹار فٹبالرز کی برازیل ٹیم بڑی مشکل سے میچ کو فیصلہ کن بنا سکی۔ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑیوں نے اس میچ کے دوران برازیلی اسٹار نیمار جونیئر کو بڑی خوبصورتی سے روکے رکھا ۔کھیل کے دوران کسی مرحلے پر بھی نیمار حریف ٹیم کے لئے خطرہ نہ بن پائے۔انجری ٹائم کے دوران 93ویں منٹ میں برازیل کو کارنر ملا ۔ کارنر کک لگانے کیلئے نیمار جونیئر آئے اوران کے ساتھی کھلاڑی میرانڈا نے گول کے سامنے ملنے والی گیند کو جال تک پہنچانے میں کوئی غلطی نہیں کی۔60ہزارسے زائد تماشائی میچ دیکھنے کیلئے موجود تھے اور یوں محسوس ہو رہا تھا میچ پنالٹی ککس پر چلا جائے گا لیکن تماشائی پنالٹی ککس کی سنسنی خیزی سے محروم رہے اور واحد گول نے برازیل کو فتح دلا دی۔یہ گول کرنے والے میرانڈا کو میچ کے28ویں منٹ میں بھی ایک موقع ملا تھا لیکن وہ کاسیمیرو کے کراس پاس کو گول میں پہنچانے میں ناکام رہے تھے۔ارجنٹائن کی ٹیم کو بھی موقع ملا لیکن اس سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: