Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دانش کنیریا نے 6 سال بعد میچ فکسنگ کا اعتراف کرلیا

لندن:پاکستان کے سابق لیگ اسپنر دانش کنیریا نے 6 سال تک مسلسل انکار کے بعد میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا آخرکار اعتراف کرلیا۔ فکسنگ اسکینڈل میں انگلش کاونٹی ایسیکس کے بولر مروین ویسٹ فیلڈ کو جیل کی ہوا بھی کھاناپڑی تھی۔ ایک انٹرویو میںدانش کنیریا نے اپنے سابق ساتھی کرکٹرز سے ندامت کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگی اور کرکٹ حکام سے اپنے اوپر لگائی گئی تاحیات پابندی ختم کرنے کی درخواست بھی کی۔ دانش کنیریا نے اپنے انٹرویو کا آغاز ان الفاظ سے کیا کہ” ’میرا نام دانش کنیریا ہے اور میں اعتراف کرتا ہوں کہ 2012 ءمیں انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے مجھ پر لگائے گئے فکسنگ کے الزامات درست تھے۔دانش کنیریا کا کہنا تھا کہ اب میں اتنا مضبوط ہوں کہ سچ بول سکوں،فیصلہ کر سکوں کیونکہ پوری زندگی جھوٹ کے ساتھ نہیں گزار ی جا سکتی ۔ 6 سال قبل ان الزامات سے انکار کرنے کی ایک وجہ میرے والد تھے جو اس وقت کینسر میں مبتلا تھے۔ والد مجھ پر بہت فخر کرتے تھے، اس لیے میرے اندر اتنا حوصلہ نہیں تھا کہ غلطی تسلیم کر کے ان کا سامنا کر سکوں۔ کنیریا نے کہا کہ میں غلطی پر شرمندہ ہوں، تمام پاکستانیوں، کرکٹ شائقین،ساتھی کھلاڑیوں اور کاونٹی کے ساتھیوں سے معذرت خواہ ہوں۔آئی سی سی یا انگلش کرکٹ بورڈ کے حکام کو معاملے سے آگاہ نہ کرنے پر سخت پچھتاوا ہے۔سابق لیگ اسپنرکا مزید کہنا تھا کہ جان بوجھ کر میرون ویسٹ فیلڈ کو مشکوک شخص انوبھٹ سے ملوایا۔ ویسٹ فیلڈ دولت کمانا چاہتا تھا۔میرا فرض تھا کہ میں اسے اس اقدام کے خطرناک نتائج سے خبردار کرتالیکن میں نے ایسا نہیں کیا۔ ایک غلطی کی وجہ سے عزت، مقام اور دوست سب کچھ کھودیا۔ واضح رہے کہ مروین ویسٹ فیلڈ کو 2009 میں انگلش کاونٹی کے 40 اوور پر مشتمل میچ میں پہلے اوور میں مخصوص تعداد میں رنز دینے کے عوض بک میکر انو بھٹ سے 6 ہزار پونڈ وصول کرنے پر 2 ماہ جیل کی سزا ہوئی تھی۔اس واقعے میں مروین ویسٹ فیلڈ کو انو بھٹ سے ملوانے میں دانش کنیریا نے مبینہ ”مڈل مین“کا کردار ادا کیا تاہم انگلش حکام عدم ثبوت کی بنا پر انہیں ملزم نہیں ٹھہرا سکے تھے۔ مذکورہ اسکینڈل میں انگلش کرکٹ بورڈ نے بک میکر اور کرکٹر میں رابطہ کروانے پر دانش کنیریا پر تاحیات پابندی عائد کردی تھی اور پینل کے سربراہ نے دانش کنیریا کو کرکٹ کے کھیل کیلئے انتہائی خطرناک قرار دیا تھا۔اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے حوالے سے مروین ویسٹ فیلڈ کا کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ نے میری زندگی تباہ کرکے رکھ دی لیکن میں اپنی اس غلطی کیلئے کسی اور کو قصوروار نہیں ٹھہرا سکتا۔ لیگ اسپنر کنیریانے پاکستان کی جانب سے 2000 سے 2010 تک 61 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 34.79 کی اوسط سے 261 وکٹیں حاصل کیں، اعداد و شمار کے مطابق وہ اب بھی پاکستان کے سب سے کامیاب اسپن بولر ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: