تیز رفتاری، مہارت اور صحرائی چیلنجز: حائل انٹرنیشنل ریلی کی تاریخ کیا ہے؟
حائل ٹویوٹا انٹرنیشنل باجا ریلی 2026 کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے جو چھ دن تک جاری رہیں گی۔
ایس پی اے کے مطابق ریلی کا باقاعدہ آغاز 29 جنوری سے ہو رہا ہے جس میں مختلف کیٹیگریز میں 109 ریسرز شریک ہیں جو مقامی اور بین الاقوامی چیمپیئنز کے ایلیٹ گروپ کی نمائدگی کرتے ہیں۔
حائل انٹرنیشنل ریلی کے جنرل سپروائزر کا کہنا ہے کہ ’اس ایونٹ کا مقصد معاشی سرگرمیوں کو بڑھانا، نوجوانوں کے لیے ملازمت کے عارضی مواقع پیدا کرنا اور وزیٹرز کو خطے کے ثقافتی اور تاریخی ورثے سے متعارف کرانا ہے۔‘
اس سال کی ریلی خاص اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ کئی بڑے مقابلوں کا پہلا مرحلہ ہے جن میں ایف آئی اے ورلڈ اور مڈل ایسٹ باجا کپس، ایف آئی ایم ورلڈ اور ایشیا باجا کپس اور سعودی ٹویوٹا ریلی چیمپیئن شپ شامل ہیں۔
سعودی عرب کا حائل ریجن کار ریلی ( موٹر سپورٹس) کی تیز رفتار دنیا میں 2006 کے بعد سے نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے، جبکہ مملکت کو بھی عالمی ریلی کے نقشے پر ایک مضبوط پہچان ملی ہے۔
1984 میں مشرقی ریجن میں پہلی ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا۔

سبق نیوز کے مطابق سال 2006 سے اب تک مملکت میں مجموعی طورپر21 ریلیاں منعقد ہو چکی ہیں۔ ان مقابلوں نے نہ صرف سپورٹس کے معیار کو بلند کیا بلکہ مملکت کو مشرق وسطی کے ایک اہم موٹرسپورٹس کے مرکزکے طورپر بھی متعارف کرایا ہے۔
حائل ریلی کی تاریخ میں کئی نام نمایاں رہے جن میں سرفہرست سعودی ڈرائیور یزید الراجحی ہیں جو 8 مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں۔
دوسرا نام قطر کے ناصرالعطیہ کا ہے جنہوں نے پانچ مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ان کے علاوہ عالمی شہرت یافتہ ہسپانوی ڈرائیور کارلوس سائنز، چیک ریپبلک کے میروسلاف اور سعودی عرب کے ڈرائیورز میں ابراہیم المہنا، فارس المشناء، عیسیٰ الدوسری، فرحان الغالب، راجع الشمری اور صالح العبدالعالی شامل ہیں۔

ریلی ریس کی ابتدا 1890 میں فرانس سے ہوئی، جب گاڑیوں کی ریس کچی سڑکوں پر منعقد کی جاتی تھیں۔
1895 میں پیرس سے بورڈو تک 1178 کلومیٹر طویل پہلا باقاعدہ کار ریس مقابلہ فرانسیسی آٹوموبائل کلب کی نگرانی میں منعقد ہوا۔
1900 میں انگلینڈ میں ہزار میل ریس کا آغاز ہوا جس میں 65 گاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ بعدازاں 1930 میں یورپی ریلی چیمپیئن شپ کا آغاز کیا گیا۔

عرب خطے میں ریلی کا سفر 1974 میں کویت سے شروع ہوا جبکہ سعودی عرب میں 1984 میں الشرقیہ ریلی کا پہلا تجربہ کیا گیا۔ اس کے بعد 2006 میں حائل ریلی، 2014 میں جدہ ریلی، 2017 میں عسیر اور 2019 میں قصیم ریلی منعقد ہوئی۔
حائل ریلی نے دیگر علاقوں کے لیے بھی راستہ ہموار کیا اور یوں سعودی آٹو موبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن کی نگرانی میں موٹر سپورٹس کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔

’حائل ٹویوٹا انٹرنیشنل ریلی‘ ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے نمایاں ترین مقابلوں میں شمار ہوتی ہے، منفرد صحرائی ٹریکس نے اسے بین الاقوامی سطح پر ممتاز بنا دیا ہے۔
یہ ریلی حائل خطے کے موٹر سپورٹس کے کیلنڈر کا اہم ایونٹ بن چکی ہے۔ تیز رفتاری، مہارت اور صحرائی چیلنجز سے بھرپور مقابلے نہ صرف سپورٹس بلکہ سیاحت اور معیشت کے فروغ کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
