Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاشقجی کی گمشدگی: سوشل میڈیا کے چکر میں نہ پڑیں، ترک وزیر انصاف

ریاض:ترک وزیر انصاف عبدالحمید گل نے واضح کیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی پر تحقیقات کا عمل انتہائی توجہ ، گہرائی ، گیرائی اور کامیابی سے مرحلہ بہ مرحلہ انجام دیا جارہا ہے ۔ تحقیقات کے عمل میں مکمل راز داری برتی جا رہی ہے لہٰذا سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع اس حوالے سے جو کچھ پیش کر رہے ہیں ا سکے چکر میں نہ پڑا جائے ۔ وہ جمعرات کو انقرہ میں ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارے اناتولیاکے ایڈیٹران سے اپنے طلب کر دہ اجلاس میں بات چیت کر رہے تھے ۔
 وزیر انصاف نے توقع ظاہر کی کہ تحقیقاتی عمل بہت جلد کسی نتیجے تک پہنچ جائے گا ۔ خاشقجی کی گمشدگی کی تحقیقا ت پبلک پراسیکیوشن کر رہا ہے وزارت انصاف نہیں ۔ استنبول پراسیکیوشن خاشقجی کے معاملے کی چھان بین کے سلسلے میں ترک اور بین الاقوامی قوانین کے تقاضے پورے کرے گاچونکہ خاشقجی استنبول میں اپنے قونصل خانے کے اندر لاپتہ ہوئے ہیں لہٰذاعدالتی حکام ان کے معاملے میں بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی معاہدوں کے پابند ہیں ۔ پبلک پراسیکیوشن ہی کے جاری کر دہ بیانات میں مذکور معلومات پر انحصار کیا جائے ۔ ترک وزیر انصاف نے یہ بھی کہا کہ ویانا معاہدہ سفارتی مشنوں کے ساتھ عدالتی و انتظامی حکام اور بین الاقوامی قوانین کے نفا ذ کا طریقہ کار مقرر کئے ہوئے ہے ۔ پبلک پراسیکیوٹر سعودی قونصل خانے کی عمارت کی تلاشی جب لینا چاہے ا س سلسلے میں اپنی مرضی نہیں چلا سکتا ۔ متعلقہ ریاست کی رضا مندی اور تعاون کا عنصر اہم بھی ہے اور موثر بھی ۔ گل نے توجہ دلائی کہ عدالتی تحقیقات خاشقجی کی گمشدگی کے فوراً بعد ہی شروع کر دی گئی تھی ۔ 
ترک حکومت استنبول میں سعودی قونصل خانے کی تلاش کیلئے سعودی حکومت کی منظوری کی منتظر رہی ۔ ترک وزارت انصاف نے پبلک پراسیکیوشن کو قونصل خانے کی تلاشی کی ہدایت جاری کی اور اس کی درخواست ترک دفتر خارجہ تک پہنچائی ۔ انہوں نے کہا کہ ترک وزیر خارجہ مولود اوغلو نے اس سلسلے میں سعودی حکام سے خط و کتابت کی ۔ سعودی قونصل خانے میں تلاشی اسی دائرے میںلی گئی ۔گل نے بتایا کہ عدالتی حکام ہی کو شواہد جمع کر کے ان کے تجزیے اور ان کی بابت فیصلے کا اختیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترک پولیس ، فوجداری ،چھان بین کے سلسلے میں اچھی اور موثر صلاحیت کی مالک ہے ۔ پولیس کے ماہرین تحقیقات کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ تحقیقات کے نتائج جلد سامنے آجائیں گے ہم سب ان کے منتظر ہیں ۔ ترک وزیر انصاف نے یہ بھی کہا کہ ترک عدالت بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق مطلوبین کو ترکی سے باہر ہونے کی صورت میں ترکی بلا سکتی ہے ۔ پتہ معلوم نہ ہونے پر ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی بھی مجاز ہے۔وزیر انصاف نے یہ بھی بتایا کہ خاشقجی کے قتل کا جس شخص پر شبہ ہے اس نے طب قانون کی تربیت آسٹریلیا میں حاصل کی تھی ۔ 
  • قانونی مشورے، آپ کے سوال، ماہرین کے جواب، بہت جلد
 

شیئر: