Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

"می ٹو"نے پاک ہند کرکٹ تعلقات پر بات چیت رکوا دی

  کراچی:"می ٹو"نے پاک ہند کرکٹ تعلقات پر بات چیت رکوا دی۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی خواہش تھی کہ سنگاپور میں آئی سی سی میٹنگز کے دوران ہندوستان کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹیو راہول جوہری سے باہمی کرکٹ روابط پر بات چیت کریں تاہم ایک خاتون کی جانب سے ہراسگی کا الزام سامنے آنے کے سبب راہول جوہری کو ہند نے میٹنگ میں شرکت سے روک دیاگیا، ان کی جگہ قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چودھری آئے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی نے سنگاپور میں دیگر بورڈ کے آفیشلز سے بھی ملاقاتیں کیں البتہ کسی ٹیم کے دورئہ پاکستان کے حوالے سے کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوسکی۔ احسان مانی مضبوط ایشین بلاک بنانے کے خواہاں ہیں۔ لاہور میں آئندہ ماہ اے سی سی میٹنگ کے دوران اس حوالے سے تبادلہ خیال بھی کریں گے۔ دوسری جانب آئی سی سی کی سنگاپور میں میٹنگز کے دوران لیگز کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔حکام نے کہا کہ ہر کوئی اپنے ایونٹس کرا رہا ہے۔ بورڈز سوچ سمجھ کر اجازت دیں۔ ایسی لیگز کے ذریعے کرکٹ میں کرپشن بڑھنے کے امکانات موجود ہیں۔ بورڈز پر زور دیا گیا کہ وہ کھلاڑیوں کو این او سی کے اجراءکی کوئی مناسب پالیسی بنائیں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: