Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی ٹوئنٹی سیریز: آسٹریلیا پاکستان آمنے سامنے ہونگے

ابو ظبی:پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ ابو ظبی میں کھیلا جائے گا اور میزبان ٹیم کو رینکنگ میں پہلی پوزیشن بچانے کا چیلنج بھی درپیش ہے ۔ اس سیریز کے نتائج فارمیٹ کی عالمی رینکنگ پر بھی اثر انداز ہوں گے اور اگر آسٹریلیا 3-0سے جیتنے میں کامیاب رہا تو پاکستان پہلی پوزیشن سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔ پاکستانی ٹیم کو اپنی پہلی پوزیشن بچانے کے لئے کم از کم ایک میچ جیتنا ضروری ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اگر پاکستانی ٹیم 0-3سے آسٹریلیا کو کلین سویپ کرنے میں کامیاب ہو گئی تو اس کے موجودہ 132پوائنٹس بڑھ کر 136ہو جائیں گے جبکہ آسٹریلیا کے پوائنٹس124سے کم ہو کر118رہ جائیں گے ۔2-1سے فتح پاکستان کے پوائنٹس133،آسٹریلیا کے 122کر دے گی۔ اسی سیریز کے دوران انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان بھی ایک ٹی 20میچ کھیلا جائے گا جس کے ہارنے کی صورت میں انگلینڈ4پوائنٹس کھو کر تنزلی کا شکار ہو تے ہوئے چوتھی سے پانچویں پوزیشن پر چلا جائے گا جبکہ سری لنکا 2پوائنٹس حاصل کرنے کے باوجود نویں پوزیشن پر ہی رہے گا۔ انگلینڈ کی فتح بھی موجودہ پوزیشن کو برقرار رکھے گی۔ بیٹنگ کے حوالے سے اس سیریز میں پاکستانی اوپنر فخر زمان جبکہ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ اور آل راونڈر گلین میکسویل توجہ کا مرکز ہوں گے۔ دریں اثناء پاکستانی ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران فخر زمان کے ساتھ تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ اننگز کا آغازکریں گے۔ امام الحق کے زخمی ہونے کی وجہ سے حفیظ اوپن کرسکتے ہیں جبکہ بابر اعظم دوسرے نمبر پر کھیلنے آئیں گے۔ اس سے قبل بابر اعظم اننگز کا آغاز کرتے تھے۔ انگلینڈ کے دورے میں جب بابر اعظم کے ہاتھ میں فریکچر ہوا تھا تو پاکستانی اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق کر رہے تھے۔ چوتھے نمبر پر کپتان سرفراز احمد خود کھیلنے آئیں گے۔ پانچواں اور سب سے اہم نمبر شعیب ملک کا ہے لیکن وہ آخری اطلاعات تک امارات نہیں پہنچے تھے۔ چھٹے نمبر پر آصف علی کھیلیں گے۔ آصف علی ایشیا کپ میں بری طرح ناکام رہے تھے لیکن انہیں پھر موقع دیا جا رہا ہے ۔ ایک سال بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں آنے والے عماد وسیم اور شاداب خان اسپنر کی حیثیت سے کھیلیں گے۔ ٹیم میں 3 فاسٹ بولرز حسن علی، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی رکھے گئے ہیں جو اسپنرز کے ساتھ مل کر آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو قابو کرنے کی کوشش کریں گے۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: