Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محسن حسن خان کی قیادت میں پی سی بی کی 4رکنی کمیٹی کا قیام

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کے معاملات چلانے کیلئے 4رکنی کمیٹی تشکیل دے کر سابق کپتان محسن حسن خان کو اس کا سربراہ مقرر کردیا ہے ۔پی سی بی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 4 ارکان پر مشتمل کرکٹ کمیٹی میں سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق اور ویمنز ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز بھی شامل ہوں گی۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان،ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ مدثر نذر اس کمیٹی سے مشاورت کریں گے ۔کرکٹ کمیٹی ملک بھر میں کرکٹ اور کرکٹرز کے معاملات کی نگران ہوگی اور تمام پالیسی فیصلے کرنے سے قبل اس بارے میں سفارشات چیئرمین کو دے گی۔ کمیٹی کا مقصد کھیل کو ہر سطح پرفروغ دینا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں پلیئنگ کنڈیشن بھی یہی کمیٹی بنائے گی اور یہی کمیٹی سلیکشن کمیٹی کا بھی تقرر کرے گی۔ماضی میں کوچز اور سلیکشن کمیٹی کا تقرر پی سی بی چیئرمین کرتے تھے اور اس حوالے سے رسمی منظوری کیلئے کمیٹی تشکیل دی جاتی تھی لیکن اب چیئرمین احسان مانی نے اپنے اختیارات کم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام ذمہ داری کرکٹ کمیٹی کو دیدی ہے ۔کرکٹ کمیٹی اپنی سفارشات کو مکمل کرنے کیلئے پی سی بی کے کسی بھی شعبے سے خفیہ معلومات حاصل کرسکتی ہے جبکہ کمیٹی کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ چیئرمین کی منظوری سے کچھ اراکین کا تقرر کرسکتی ہے ۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: