Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کے گل پلازہ میں 57 لاپتہ افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ، ریسکیو کارروائیاں جاری

کراچی میں گل پلازہ شاپنگ مال میں لگنے والی ہولناک آگ کے بعد منگل کو بھی ریسکیو اہلکار جلی ہوئی عمارت کے ملبے میں لاشوں کی تلاش میں مصروف رہے، جبکہ حکام کے مطابق تقریباً 57 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس افسوسناک حادثے میں اب تک 27 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
کراچی میں گذشتہ ایک دہائی کے دوران یہ سب سے بڑی آتشزدگی تھی جو سنیچر کی رات دیر گئے گل پلازہ میں شروع ہوئی اور تیزی سے پورے شاپنگ کمپلیکس میں پھیل گئی۔ گل پلازہ میں 12 سو سے زائد دکانیں تھیں جہاں شادی کے ملبوسات، کھلونے، برتن اور دیگر سامان فروخت کیا جاتا تھا۔
متاثرہ خاندانوں کا غم دیدنی ہے۔ 77 سالہ صفیہ بی بی نے بتایا کہ ان کا 25 سالہ نواسہ سنیچر کو دکان پر کام کر رہا تھا، مگر رات کو گھر واپس نہ آیا۔ انہیں آگ کا علم اگلی صبح ہوا۔ اشکبار آنکھوں کے ساتھ انہوں نے کہا کہ وہ اتوار کی صبح سے موقع پر موجود ہیں مگر اب تک کوئی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس سرجن سمیعہ سید کے مطابق 27 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ ریسکیو 1122 کے اہلکار رضوان احمد نے بتایا کہ مجموعی طور پر 84 افراد لاپتہ رپورٹ ہوئے تھے، جن میں ہلاک شدگان بھی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے بیشتر افراد کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہیں۔
مقامی فلاحی اداروں نے جائے حادثہ پر کیمپ قائم کر دیے ہیں، جہاں ریسکیو اہلکاروں اور متاثرین کو خوراک، پانی اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ لاشوں کی باقیات سفید چادروں میں لپیٹ کر ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھیجی جا رہی ہیں۔ پولیس کے مطابق اب تک 15 ڈی این اے نمونے حاصل کیے جا چکے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے کے وقت مال کے 16 میں سے صرف تین راستے کھلے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

واقعے کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ بھی پایا جا رہا ہے۔ تاجروں نے ریسکیو کارروائی میں تاخیر اور میئر کی دیر سے آمد پر احتجاج کیا۔ ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ اس کی کروڑوں روپے مالیت کی اشیا جل کر خاکستر ہو چکی ہیں۔
حکومت نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا اعلان کیا ہے، جبکہ پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے کے وقت مال کے 16 میں سے صرف تین راستے کھلے تھے، جو ایک سنگین غفلت کو ظاہر کرتا ہے۔

 

شیئر: