Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلطی ہو گئی ، آئندہ نہیں ہوگی، شوکاز نوٹس پر احمد شہزاد کاجوابی وعدہ

  لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یاد دہانی کے بعدقومی ٹیم کے سابق بیٹسمین احمد شہزاد نے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرادیا ہے ۔مسائل اور تنازعات کو دعوت دینے والے بیٹسمین نے ایک بار پھر روایتی انداز اپناتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کا وعدہ کیا ہے ۔ رواں سال فیصل آباد میں جاری پاکستان ون ڈے کپ میں لیا گیا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر طویل انتظار کے بعد انھیں 4ماہ کیلئے معطل کردیا گیا تھا۔ پابندی کی مدت 11نومبر کو ختم ہونا تھی اوراس دوران انھیں کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں تھی۔احمد شہزاد نے معطلی کا دور ختم ہونے سے قبل ہی لاہور میں7 کلب میچز میں شرکت کرتے ہوئے اس پابندی کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کرکٹ بورڈ نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر کے 25 اکتوبر تک جواب طلب کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے موقف اختیارکیاکہ آئندہ احتیاط کرتے ہوئے دوبارہ ایسی غلطی نہیں کروں گا۔یاد رہے کہ احمد شہزاد اور عمراکمل کوکیریئر کے آغاز میں ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی جیسے کھلاڑی قرار دیا جاتا تھا لیکن دونوں نے کھیل کے بجائے دیگر سرگرمیوں پر زیادہ توجہ دے کر اپنے کیریئر داﺅ پر لگا دیئے ہیں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: