Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قائد اعظم ٹرافی کا ناک آوٹ مرحلہ قذافی اسٹیڈیم میں شروع

لاہور:پاکستان کے ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کا ناک آوٹ مرحلہ آج سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہورہاہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی زیر نگرانی ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے گروپ مقابلوں کے بعد ٹاپ 5 بلے بازوں میں فاٹا کی نمائندگی کرنے والے بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ 77.16 کی اوسط سے 7 میچوں میں 3 سنچریوں کی مدد سے 463 رنز بنا کر پہلے نمبر پر ہیں۔ وہ ناک آوٹ مرحلے میں ایکشن میں نہیں ہوں گے کیونکہ ان کی ٹیم پہلے مرحلے سے باہر ہو چکی ہے۔ دوسرے نمبر پر راولپنڈی کے اوپنر مختار احمد ہیں جنہوں نے 7 میچوں میں 62 کی اوسط سے 2 سنچریوں کے ساتھ 434 رنز بنائے ہیں۔نیشنل بینک کے رمیز راجہ جونیئر 430 رنز بنا کر تیسرے، راولپنڈی کے ذیشان ملک 4 میچوں میں 3 سنچریوں کے ساتھ 416 رنز بنا کر چوتھے اور واپڈا کے کپتان سلمان بٹ 7میچوں میں 82.40 کی اوسط سے 412 رنز بنا کر پانچویں نمبر پر ہیں۔بولرز کی فہرست میں بائیں ہاتھ کے اسپنر قیصر اشرف 5 میچوں میں 14.06 کی اوسط سے 16 وکٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان ٹیلی وژن کے لیگ اسپنر محمد عرفان نے بھی 16 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔تیسرے نمبر پر نیشنل بینک کے بائیں ہاتھ کے تیز بولر غلام مدثر ہیں جنہوں نے 7میچوں میں 19.13کی اوسط سے 15 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔چوتھا نمبر سوئی سدرن گیس کے بائیں ہاتھ کے اسپنر کاشف بھٹی ہیں جنہوں نے 5 میچوں میں 11.42 کی اوسط سے 14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ بولرز میں پانچواں نمبر سانگھڑ سے تعلق رکھنے والے ریسرچ لیبارٹریز کے 32 سالہ اسپنر نعمان علی خان کا ہے جنہوں نے 16.57 کی اوسط سے 14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: