Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجم سیٹھی کا کرکٹ بورڈ کو نوٹس ، احسان مانی سے معذرت کا مطالبہ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئر مین نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو نوٹس بھجوایا گیا ہے، لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی رپورٹ میں جان بوجھ کر ان کی شہرت کو داغدار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ لیگل نوٹس میں پی سی بی اور چیئر مین احسان مانی کو معذرت کرنے اور ویب سائٹ سے اخراجات کی تفصیلات ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، بصورت دیگر ہتک عزت کا دعوی کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو روز پہلے سابق چیئرمین پی سی بی کی شاہ خرچیوں کی تفصیلات جاری کی تھی، جس کے تحت انہوں نے 7 کروڑ سے زیادہ رقم اپنی ذات پر خرچ کی۔لیگل نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران ایک کروڑ 41 لاکھ کا جو الاونس کھاتے میں درج کیا گیا وہ انہوں نے وصول نہیں کیا۔ بورڈ نے جو اخراجات کا چارٹ جاری کیا، اس میں جن چیزوں کو 2014 سے 2017 تک بورڈ سربراہ کو دی جانے والی مراعات کہا گیا تو اس وقت نجم سیٹھی بورڈ کے سربراہ نہیں تھے۔اس دوران ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین تھے جبکہ ان تفصیلات میں گورننگ بورڈ ،ممبرز اور دوسرے بورڈ کے ڈائریکٹر پراٹھنے والے اخراجات، خصوصی الاونسز کو جان بوجھ کر نظر انداز کردیا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اسپورٹس نے 2017 میں سفارش کی تھی کہ نجم سیٹھی پی ایس ایل کی کامیابی پر خصوصی الاونس کے حقدار ہیں اور بورڈ آف گورنرز نے 2015 سے 2018 تک خصوصی الاونس دینے کی بھی منظوری دی تھی، اس کا تذکرہ ہی نہیں، منظور کردہ پی ایس ایل الاونس کے سوا نجم سیٹھی نے ایک روپیہ وصول نہیں کیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اخراجات کے غلط اعداد و شمار سامنے لائے گئے ہیں اور اس کے پیچھے سیاسی مقاصد ہیں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: