Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے ہند کی انوکھی فرمائش، کیلے فراہم کئے جائیں

  ممبئی:ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے انوکھی فرمائش کی ہے۔ کپتان ویرات کوہلی اور ٹیم مینجمنٹ نے درخواست کی ہے کہ ایونٹ کے دوران کھلاڑیوں کیلئے بھاری مقدار میں کیلے اور سفر کے دوران بیگمات کو ساتھ رکھنے کی اجازت دی جائے۔یہ درخواست ٹیم مینجمنٹ نے کمیٹی آف ایڈمنسٹریشن کے ساتھ ہونے والے جائزہ اجلاس کے دوران کی۔ بظاہر ایسا دکھائی دیتا ہے کہ حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہندوستانی کھلاڑیوں کو ان کے من پسند پھل خاص طور پر کیلے فراہم کرنے میں ناکامی اس فرمائش کا سبب بنی ہے۔دوسری جانب کمیٹی نے درخواست پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو صورتحال سے ٹیم منیجر کو آگاہ کرنا چاہئے تھا تاکہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے خرچے پر کیلے خریدے جاتے ۔اجلاس کے دوران کھلاڑیوں کیلئے بک کیے جانے والے ہوٹل میں جم کی مناسب سہولیات اور دورے کے دوران کھلاڑیوں کے ساتھ بیگمات کے قیام اور انہیں پروٹوکول سے متعلق امور بھی زیربحث آئے۔جائزہ اجلاس میں کپتان ویرات کوہلی، ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان اجنکیا رہانے، ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما، کوچ روی شاستری اور چیئرمین سلیکٹرز ایم ایس کے پرساد نے شرکت کی ۔یاد رہے کہ کیلا فوری توانائی فراہم کرنے والا پھل ہے اور گزشتہ دنوں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے دوران کپتان ویرات کوہلی وقفے کے دوران میدان میں کیلا کھاتے نظر آئے تھے۔ٹینس مقابلوں کے دوران کھلاڑی اور خاص طور پر راجر فیڈرر کیلا ضرور کھاتے ہیں ۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: