Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متعدی مرض میں مبتلاطالبعلم کو دیگر طلباء سے جدا رکھا جائے ، وزارت تعلیم

ریاض ۔۔۔ وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ مملکت میں تمام  سرکاری ، نجی اور انٹرنیشنل اسکولز کی انتظامیہ  وبائی مرض میں مبتلا طالب علموں کے بارے میں خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ ایسے طلبا ء جن کے بارے میں شک ہو کہ انہیں انفلوئنزا ، اسکیپیز ، ٹی بی یا اسی قسم کا دیگر متعدی مرض لاحق ہے انہیں دیگر طلباء سے جدا رکھیں تاکہ ان سے متعدی مرض دیگر طلباء تک منتقل نہ ہو ۔ عاجل ویب نیوز نے وزارت تعلیم کی جانب سے تمام اسکولوں کو جاری انتباہی نوٹس کے حوالے سے لکھا ہے کہ موسم سرما کے آغاز سے بعض وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے طلباء کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مملکت میں تعلیمی ماحول کو صحت مند رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا انتہائی لازمی ہے ۔ انتباہی نوٹس میں اسکول انتظامیہ کو مطلع کیا گیا ہے کہ اگر انکے اسکول میں کوئی ایسا طالب علم ہو جسے متعدی مرض لاحق ہو اور اسکا علم اسکول انتظامیہ کو ہو تو فوری طور پر اس طالب علم کو دیگر طلباء سے جدا کر کے اسکول کے کلینک میں رکھا جائے جہاں متعدی امراض کے حوالے سے ضروری احتیاطی تدابیر کی روشنی میں اسے ابتدائی طبی امدا د فراہم کی جائے ۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے طلباء کو فوری طور پر مخصو ص طبی مرکز میں پہنچایاجائے جہاں اسکا باقاعدہ علاج کیا جائے ۔ وزارت تعلیم نے مزید کہا کہ ایسے طلباء جن کے بارے میں وزارت صحت کی جانب سے مرض میں مبتلا ہونے کی یقین دہانی کروائی گئی ہواسے مکمل طور پر صحت یاب ہونے تک گھر پر رہنے کی اجازت دی جائے ۔

شیئر: