Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرسید کی فکر ترقی پسندانہ تھی، انہوں فرسودہ تصورات کی مخالفت کی،حفظ الرحمان

 قوم کو انگریزی اور سائنسی علوم  حاصل کرنے کی  صلاح  دی، وہ ایک اچھے نباض تھے ، علیگڑ ھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسویس ایشن کی جانب سے یوم سرسید پر شرکاء کا خطاب
 کے این واصف۔ ریاض
    ابنائے قدیم علیگڑھ مسلم یونیورسٹی نے    ریاض میں  یوم سرسید  کا پورے جوش و خروش سے اہتمام کیا۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی  اولڈ بوائز  ایسوسی ایشن (اموبا) کی نومنتخب کمیٹی نے حسب روایت اس سال کسی بڑی شخصیت کو  بطور مہمان ہندوستان سے مدعو نہیں کیا بلکہ ایک معروف مقامی سعودی بزنس مین ماجد عبدالمحسن  بحیثیت  مہمان خصوصی مدعو کیا جبکہ فرسٹ سیکریٹری  سفارتخانہ ہند ریاض ڈاکٹر حفظ الرحمان نے تقریب میں سفیر ہند احمد جاوید کی نیابت کی جو کسی وجہ سے تقریب میں شرکت نہ کرسکے۔    تقریب کا آغاز  ڈاکٹر عبدالرحمان خان کی قرأت  کلام پاک سے ہوا۔  نظامت  کے فرائض  ڈاکٹر  محمد فراح اور قیصر ثاقب نے انجام دیئے۔ ابتداء  میں ڈاکٹر محسن قاضی  نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی تاریخ  پر ایک دلچسپ آڈیو ویژول شو پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے  ماجد عبدالمحسن نے کہا کہ  مجھے ہندوستان کی اس عظیم درس گاہ کے بانی سرسید احمد خاں کے یوم پیدائش  کی تقریب میں شرکت کرکے بے حد مسرت محسوس ہورہی ہے۔  ماجد عبدالمحسن نے اموبا  کی سالانہ  ڈائریکٹری کا  رسم اجراء بھی انجام دیا  جس کے بعد سرسید کے یوم پیدائش کے سلسلے میں طلباوطالبات  کیلئے منعقد تقریری مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والوں  کو انعامات سے نوازہ گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فرسٹ سیکریٹری  سفارتخانہ ہند ریاض ڈاکٹر حفظ الرحمان  نے کہا کہ سرسید احمد خاں کی  فکر ترقی پسندانہ تھی۔ انہوں نے ہمیشہ  فرسودہ  تصورات  کی مخالفت کی۔ وہ ایک اچھے نباض تھے۔  انہوں نے100 برس  قبل یہ جان لیا تھا کہ آنے والے وقت میںہماری  قوم کو کس علم کے حصول سے کامیابی  مل سکتی ہے۔ انہوں نے ہمیشہ  اپنی قوم کو انگریزی اور سائنسی علوم  حاصل کرنے کی  صلاح  دی۔ سرسید  نے" سائنس سوسائٹی"  اور" تہذیب الاخلاق" کے ذریعے  قوم کو بیدار کرنے کی کوشش کی۔ تقریب کے ایک اور مہمان  پروفیسر عبدالعزیز حامد  ریکٹر  (rector) پرنس سلطان  بن عبدالعزیز یونیورسٹی ریاض نے بھی  خطاب کیا ۔ صدر اموبا انجینیئر  سید محمد مطیّب  نے ایسوسی ایشن  کی کارکردگی  اور مستقبل کے منصوبوں  پر تفصیلی  روشنی ڈالی۔  انہوں نے بتایا کہ اموبا ریاض نے پہلی مرتبہ  اموبا کا خواتین ونگ قائم کیا ہے۔آخر میں ہمایوں ہاشمی  نائب صدر اموبا نے  مہمانوں  کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی۔  ہال میں ان کا مسلسل محو گفتگو رہنا اور بے پروائی سے گھومنا   پھرنا  تقریب میں خلل کا باعث بن رہا تھا۔  ترانہ علیگڑھ، ہندوستانی اور سعودی قومی ترانے کی پیشکش پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔
مزید پڑھیں:- - -  -دبئی: محمد رفیق نورانی کے اعزاز میں تقریب

شیئر: