Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محکمہ پاسپورٹ کی آن لائن خدمات، ابشر اور مقیم سروس

ارسلان ہاشمی۔ جدہ
 
دنیا بھر کے اداروں کی طرح مملکت کے سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل تبدیلی کا عمل کافی عرصہ سے جاری ہے ۔اسی طرح محکمہ  جوازات میں بھی کمپیوٹرائز سہولتوں کی فراہمی اور انہیں بہتر سے بہتر کیا جارہا ہے ۔ اس ضمن میں  جوازات کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ  وہ جوازات کو" پیپر فری یعنی روایتی کاغذی کارروائی سے ختم کرکے تمام امور کو کمپیوٹرائز طریقے سے انجام دینے کے لئے کوشاں ہیں ۔ اس حوالے کافی حد تک کامیابیاں حاصل کر لی گئی ہیں ۔جوازات کی جانب سے انٹر نیٹ پر " ابشر " اور " مقیم " کی ویب سائٹ گزشتہ کئی برس سے بہتر طور پر کام کر رہی ہے ۔ ڈیجیٹل سہولتوں کے آغاز سے جہاں تارکین کو فائدہ ہوا وہاں مقامی افراد بھی اس سہولت سے بہتر طور پر مستفید ہو رہے ہیں ۔ 
  • ابشرسروس:
ابشر سروس مملکت میں مقیم تارکین کیلئے کافی مفید ثابت ہورہی ہے۔ ابشر کا اکائونٹ بنانا لازمی ہے جس کے بغیر کوئی بھی تارک وطن اپنے اہل خانہ کے سرکاری معاملات مکمل نہیں کراسکتا ۔ وہ تارکین وطن جو اپنے اہل خانہ کے ساتھ مملکت میں مقیم ہیں، اس سہولت کے ذریعے وہ کسی بھی وقت اپنے اہل خانہ کا ایگزٹ ری انٹری ویزا حاصل کر سکتے ہیں ۔ اس سہولت کے اجراء سے قبل یہ ناممکن تھا کیونکہ خروج وعودہ ( ایگزٹ ری انٹری ) حاصل کرنے کے لئے روایتی درخواست فارم بھر کر جوازات کے ذیلی ادارے میں قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا تھا جس کے بعد خروج و عوہ ویزہ اسٹیمپ کیا جاتا ہے ۔ ابشر کے ذریعے اب یہ سہولت ہر شخص کی دسترس میں ہے ۔ اس سہولت کے ذریعے اب تارکین وطن اپنے اہل خانہ کے نئے پاسپورٹ کا اندراج جوازات کے سسٹم میں کرسکتے ہیں جبکہ اس سے قبل نئے پاسپورٹس کا اندراج کرانے کیلئے انہیں جوازات کے دفترجانا پڑتا تھا ۔ جوازات کی ڈیجیٹل سروس ابشر کے لئے اکائونٹ بنانا لازمی ہے ۔ 
 
  • مقیم سروس:
مقیم سروس کمرشل اداروں کے لئے ہے جس کے ذریعے ادارے اپنے غیر ملکی کارکنوں کے لئے لیبر آفس سے ورک پرمٹ اورجوازات سے اقاموں کی تجدید کے علاوہ ایگزٹ ری انٹری ویزے لگوانے کیلئے استعمال کرتے ہیں ۔ اس سروس کے ذریعے ادارو ں کو کافی سہولت حاصل ہو گئی ۔ اب کوئی بھی کمپنی یاادارے کے ہیومن ریسورسز شعبے کے ذمہ دار کسی بھی وقت اپنے کارکنوں کو سرکاری سہولت باسانی فراہم کر سکتے ہیں ۔ مقیم سروس کا حصول ہر کمپنی یا ادارے کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے جس کے بغیر کوئی کارروائی مکمل نہیں کی جاسکتی ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے فراہم کردہ ڈیجیٹل مقیم سروس کے ذریعے حج پرمٹ اور ایام حج میں جب عام لوگوں کا مکہ مکرمہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے، ڈیوٹی پرمٹ کا اجراء بھی کیا جاتا ہے جبکہ اس سے قبل مکہ مکرمہ جانے کا اجازت نامہ جوازات کے ادارے سے حاصل کیاجاتا تھا ۔ 
 

شیئر: