Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر ٹرمپ سی این این کےخلاف عدالتی جنگ ہار گئے

واشنگٹن... امریکہ کی وفاقی عدالت نے وائٹ ہاوس کو سی این این کے صحافی جم اکوسٹا کا پریس کارڈ بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔ وائٹ ہاوس نے صحافی کا پریس کارڈ عارضی طور پر بحال کردیا ۔ عدالت نے فیصلہ دیا کہ وائٹ ہاوس نے صحافی کا پریس کارڈ معطل کرنے کے لئے ضروری قانونی طریقہ کار پر عمل نہیں کیا۔گزشتہ ہفتے پریس بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے سی این این کے صحافی کو ملک دشمن اور بدتمیز قرار دیتے ہوئے وائٹ ہاوس میں داخلے پر پابندی کا حکم دیا تھا۔ سی این این نے صدر ٹرمپ اور وائٹ ہاوس انتظامیہ کے ارکان کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔سی این این کے وکیل نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ پہلی ترمیم اور صحافت کے لئے اہم دن ہے ۔ جم اکوسٹا نے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام ساتھیوں، صحافتی اداروں اور دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیں سپورٹ کیا اور ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔ دریں اثناءصدر ٹرمپ نے عدالتی جنگ میں ناکامی کے بعد صحافیوں کے لئے ضابطہ اخلاق مرتب کرنے کا اعلان کردیا ۔ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ ہاوس صحافیوں کیلئے ضابطہ اخلاق مرتب کررہا ہے۔ لوگوں کو تمیز کے دائرے میں رہنا چاہئے۔اگر صحافیوں نے ضابطہ اخلاق پر عمل نہیں کیا تو پھر ہم بھی عدالت جائیں گے جہاں ہماری جیت ہوگی۔

شیئر: