Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بری نقل وحمل کے کسی بھی شعبے میں خواتین کام کرسکتی ہیں، ٹرانسپورٹ اتھارٹی

ریاض..... پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ سعودی خواتین بری نقل و حمل کے کسی بھی شعبے میں کام کرسکتی ہیں ان پر اس حوالے سے کوئی پابندی نہیں۔ اتھارٹی نے بدھ کو اعلامیہ جاری کرکے توجہ دلائی کہ مملکت میں فیملی ٹیکسی کا حال ہی میں تعارف کرایا گیا ہے اس کے اجازت نامے صر ف اداروں کو دیئے جائیں گے البتہ فیملی ٹیکسی سروس صرف تربیت یافتہ اہل سعودی خواتین ہی فراہم کرنے کی مجاز ہونگی۔ پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے قوانین و ضوابط میں ایسی کوئی پابندی نہیں جس کے تحت سعودی خواتین کو دیگر مطلوبہ تمام شرائط مکمل کرنے کی صورت میں بری نقل و حمل کے کسی کام سے روکا جاسکتا ہو۔ فیملی ٹیکسی چلانے والی خواتین پر یہ پابندی لگائی گئی ہے کہ اگر سواریوں میں کوئی بالغ خاتون موجود نہ ہو تو ایسی صورت میں وہ ٹیکسی سروس فراہم نہیں کرسکتیں۔ علاوہ ازیں اگر سواریوں کی تعداد نشستوں سے زیادہ ہوجائے یا کوئی سواری سگریٹ نوشی پر بضد ہو یا سواریاں کھانا تناول کررہی ہوں یا حفاظتی بیلٹ استعمال نہ کیا جارہا ہو تو ایسی صورت میں وہ ٹیکسی سروس فراہم یا جاری رکھنے سے معذرت کرنے کی مجاز نہیں ہونگی۔ 

شیئر: