Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ سرفراز کا امتحان ہوگا

کراچی (صلاح الدین حیدر،بیورو چیف )نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں شروع ہونے والا دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ سرفراز کی عقلمندی کا امتحان ہوگا۔ امید ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ ڈرا کرنے اور نیوزی لینڈ سے جیتا ہوا میچ ہار کر انہیں کچھ نصیحت ہوئی ہوگی۔ مڈل آرڈر میں بیٹنگ کا لڑکھڑانا اب معمول بن چکا ہے۔ سرفراز کو کھلاڑیوں کو سمجھانا ہوگا کہ ذمہ داری کا ثبوت دیں۔ خود ان کی بیٹنگ بھی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ 4/5 اننگز میں ایک اننگ اچھی کھیلتے ہیں ورنہ ان کا رنز بنانے کا اوسط اب بھی تسلی بخش نہیں کہلایا جاسکتا۔ سرفراز فائٹر ضرور ہیں، کامیاب کپتان ہیں مگر بدقسمتی ہر ایک کے ساتھ ہوتی ہے۔ وہ بھی انسان ہیں قسمت سے نہیں لڑ سکتے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظبی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ شروع سے آخر تک پاکستان کے قابو میں تھا لیکن کچھ ایسی فاش غلطیاں ہوئیں جس سے پانسہ پلٹ گیا۔ ان میں دو تو سرفہرست ہیں۔ بابر اعظم کا بیوقوفی سے رن آئوٹ ہوجانا اور پھر اسد شفیق کا 7.4 اوور میں سنگل نہ لینا بڑی غلطی تھی۔اسد شفیق نے بہترین اننگ کھیلی لیکن دوسری طرف سے وکٹیں گرتی رہیں ۔آخری 5 وکٹیں صرف 36 رنز کے اندر گریں جس کا سدباب ضروری ہے۔ اگر اسد شفیق شاٹ کھیلنے کے بعد ایک رن بناتے رہتے تو 4 رنز تو ویسے ہی ہوجاتے اور ہم میچ جیت جاتے۔ یہ سب باتیں ہیں جنہیں کوچ مکی آرتھر اور سرفراز کو بغور سوچنا چاہیے اور دوسرے ٹیسٹ میں حکمت عملی اور بھرپور عزم کے ساتھ میدان میں اترنا پڑے گا۔ پاکستان باقی دونوں ٹیسٹ میچ جیتنے کی اہلیت رکھتاہے اور ٹیم دونوں میں کامیابی کے ساتھ سیریز 2-1 سے جیت لے گی۔
 

شیئر: