Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلا ٹیسٹ جیت لیا

چٹاگانگ: تیج الاسلام کی تباہ کن بولنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 64 رنز سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز میں0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ بنگلہ دیشی ٹیم میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز میں 125 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ محموداللہ 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دیوندرا بیشو نے 4 اور روسٹن چیس نے 3 وکٹیں لیں۔ جواب میں ویسٹ انڈین ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 139 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ تیج الاسلام کی خوبصورت گیندوں کے سامنے کالی آندھی کا کوئی بھی کھلاڑی سنبھل کر نہ کھیل سکا۔ 7 کھلاڑی دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، تیج الاسلام نے 6 وکٹیں لیں۔ مومن الحق کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ چٹاگانگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے 55 رنز 5 کھلاڑی آوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 125 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی، مشفق الرحیم 19، مہدی حسن میراز 18، محموداللہ 31، نعیم حسن 5 اور تیج الاسلام ایک رن بنا کر آوٹ ہوئے۔ بیشو نے 4، چیس نے 3، ویریکن نے 2 اور گبرئل نے ایک وکٹ لی۔ اس موقع پر لگ رہا تھا کہ میچ بنگلہ دیش کے ہاتھ سے نکل گیا لیکن تیج السلام کی بولنگ نے مہمان ویسٹ انڈین ٹیم کو204 رنز کا ہدف حاصل کرنے کیلئے مشکلات سے دوچار کر دیا۔ جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 139 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، تیج الاسلام کی جادوئی اسپن بولنگ کے سامنے ویسٹ انڈین ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ ٹھہر نہ سکی۔ کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، 7 کھلاڑی دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ کپتان کریگ بریتھویٹ 8، کیرن پاویل صفر، شائی ہوپ 3، ایمبرس 43، روسٹن چیس صفر، شمرون ہٹمائر 27، شین ڈورچ 5، بیشو 2، کیمرروچ ایک اور ویریکن 41 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے، تیج الاسلام نے 6وکٹیں حاصل کیں۔ 
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: