Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد عباس کی انجری، شاہین آفریدی کو ٹیسٹ کیپ ملنے کاامکان

ابوظبی: نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے فیصلہ کن میچ سے قبل پاکستان ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور اس کے اہم ترین فاسٹ بولر محمد عباس انجری کا شکار ہو کر تیسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عباس نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران دائیں کندھے کی تکلیف کا شکار ہوگئے ، کندھے کا اسکین کرایا گیاہے اور رپورٹس کا اسپیشلسٹ سے معائنہ کرایا جا رہا ہے تاکہ تکلیف کی نوعیت کا جائزہ لیا جاسکے لیکن سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔اگرچہ ابتدائی دونوں میچوں میں وہ بولنگ کے حوالے سے زیادہ نمایاں نہیں رہے لیکن بولنگ لائن میں ان کی موجودگی ٹیم کیلئے اہمیت کی حامل ہو تی ہے ۔محمد عباس ایسے بولر ہیں جو کسی بھی وکٹ اور صورتحال میں گیند کو سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔نیوزی لینڈ سے قبل آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ان کا کردار فتح گر بولر کا رہا تھا۔عباس تمام پاکستانی بولرز میں اپنی اوسط کے حوالے سے سب سے بہتر ہیں جبکہ کیریئر شروع کرنے کے بعد سے وکٹوں کی تعداد کے حوالے سے بھی وہ یاسر شاہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔محمد عباس کی اس انجری کے بعد آئندہ دورہ جنوبی افریقہ کیلئے بھی ٹیم میں بھی ان کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ 4 ماہ تک کیلئے کرکٹ سے دور ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔ محمد عباس کے متبادل کے طور پر 19 سالہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ کیپ دئیے جانے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔نوجوان بولر اسکواڈ کا حصہ ہیں تاہم انہیں ابتدائی دونوں میچوں شرکت کا موقع نہیں مل سکا ۔
کھیلوں کی مزید خبرے اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردونیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: