ایران کے 10 بڑے رہنماؤں کی معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان
امریکی محکمۂ خارجہ نے جن شخصیات کی مخبری پر انعام رکھا ہے ان میں نئے رہبر اعلٰی مجتبیٰ خامنہ ای بھی شامل ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکی محکمۂ خارجہ نے جمعہ کو ایران کے نئے رہبر اعلٰی مجتبیٰ خامنہ ای اور دیگر اعلٰی عہدیداروں کے بارے میں معلومات دینے پر ایک کروڑ ڈالر (10 ملین ڈالر) انعام کا اعلان کیا ہے۔
محکمۂ خارجہ کی فہرست میں جن 10 افراد کے نام موجود ہیں ان میں ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی اور وزیرِ انٹیلی جنس و سکیورٹی اسماعیل خطیب بھی شامل ہیں۔
’یہ افراد ایران کے سپاہِ پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) کے مختلف شعبوں کی کمان اور رہنمائی کرتے ہیں، جو دنیا بھر میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی، اسے منظم کرنے اور اس پر عمل درآمد کا کام کرتی ہے۔‘
محکمۂ خارجہ نے معلومات فراہم کرنے والے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی معلومات ’ٹور‘ یا ’سگنل‘ ایسی ایپس کے ذریعے بھیجیں۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے معلومات فراہم کرنے والے افراد کو یہ پیش کش بھی کی کہ ایسا کرنے کے نتیجے میں آپ کو نہ صرف بیرون ملک منتقل کیا جا سکتا ہے بلکہ آپ کو مالی انعام بھی مل سکتا ہے۔
’امریکی محکمۂ خارجہ کا ’ریوارڈز فار جسٹس‘ پروگرام ایسے افراد کی گرفتاری یا قانونی کارروائی میں مدد فراہم کرنے والی معلومات پر نقد انعام دیتا ہے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ’مجتبیٰ خامنہ ای کے والد اور سابق ایرانی رہبر اعلٰی علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے آغاز پر ہونے والی بمباری میں مارے گئے تھے۔
