Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی: زائرین کی سہولت کے لیے ’باب السلام‘ پر نئی ڈیجیٹل سروس

سبز رنگ اس بات کی علامت ہے کہ اندر اژدحام نہیں ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
ادارہ امور حرمین کی جانب سے مسجد نبوی الشریف میں روضہ رسولﷺ پر سلام عرض کرنے کے لیے جانے والوں کی سہولت کے لیے نئی ڈیجیٹل سروس فراہم کردی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مسجد نبوی الشریف کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں زائرین کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے ڈیجیٹل سمارٹ سسٹم نصب کیا ہے جس کے ذریعے سلام عرض کرنے کے لیے جانے والوں کو یہ معلوم ہو سکے گا کہ باب السلام سے آگے روضہ رسول ﷺ تک اژدحام کی صورتحال کیا ہے۔
جدید سسٹم پر مبنی انٹریکٹوسکرینز پر راستے کو رنگوں سے ظاہر کیا جارہا ہے۔ سبز رنگ کی روشنی اس امر کی علامت ہوگی کہ راستہ میں اژدحام معمولی ہے جبکہ پیلا رنگ درمیانے اور سرخ رنگ انتہائی اژدحام کی علامت ہے اس کے علاوہ سفید رنگ کا مطلب یہ ہے کہ اس وقت عارضی طورپر خدمت فراہم نہیں کی جارہی۔
خیال رہے مسجد نبوی الشریف میں روضہ رسول پر حاضری کے لیے باب السلام کے دائیں جانب سے ٹریک بنایا گیا ہے جہاں سے زائرین سیدھے روضہ پر پہنچتے ہیں جہاں وہ نبی اکرم ﷺ اور آپ کے صحابہ کرام پر سلام عرض کرکے دوسرے دروازے سے باہر نکل جاتے ہیں۔

شیئر: