دورہ آسٹریلیا میں محاذ آرائی نہیں کھیل پر توجہ ہوگی ،کوہلی

ایڈیلیڈ :ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ دورہ آسٹریلیا میں ان کی توجہ حریف ٹیم کے کھلاڑیوں سے محاذ آرائی کے بجائے اپنے کھیل پر ہوگی۔ ہندوستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم ان دنوں آسٹریلیا میں ہے جہاں 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا معرکہ 6 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے اہم کھلاڑیوں کو قابو کرنے کی حکمت عملی بنا رہی ہیں اور ہندوستانی کپتان میزبان ٹیم کی توجہ کا خصوصی مرکز ہیں۔ دونوں ملکوں کی سیریز کے دوران ہر بار تنازعات ضرور جنم لیتے ہیں لیکن اس مرتبہ ویرات کوہلی نے واضح کیا کہ وہ جارحیت کے موڈ میں نہیں ، سیریز میں ان کی ساری توجہ کھیل پر ہوگی اور وہ میزبان ٹیم یا اس کے کھلاڑیوں کے ساتھ کسی قسم کی محاذ آرائی میں کوئی دلچسپی نہیں لیںگے۔ ہندوستانی کپتان نے کہا کہ انہیں اچھے کھیل کے علاوہ کچھ اور ثابت نہیں کرنا اور وہ ماضی کے مقابلے میں اب کافی بدل گئے ہیں ۔پوری کوشش ہوگی کہ سیریز کے دوران ماحول خوشگوار رہے اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا جاتا رہے ۔ ایک سوال پر انہوں ے کہا کہ واحد پریکٹس میچ میں دونوں ٹیموں کو بیٹنگ کا اچھا موقع ملا ہے ،چاہیں گے کہ اس سلسلہ کو ٹیسٹ سیریز میں بھی آگے بڑھائیں۔ٹیم کی بولنگ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا الیون544رنز بنا نے میں کامیاب ہوئی لیکن تشویش کی کوئی بات نہیں اور بولرز جلد خود کو یہاں کی وکٹوں سے ہم آہنگ کرلیں گے ، با لکل مختلف موسم اور ماحول میں ہونے والے پہلے میچ میں ایسی کارکردگی زیادہ بڑا مسئلہ نہیں۔ یاد رہے کہ پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹیم کو اس سیریز میں فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے اور بال ٹمپرنگ اسکینڈل کی وجہ سے کپتان ، نائب کپتان اور اوپنر سے محرومی کے بعد میزبان ٹیم کافی کمزور نظر آرہی ہے ۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: