Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران جنگ میں سفارت کاری کے امکانات، خام تیل کی قیمتیں ایک ہفتے سے زائد کی کم ترین سطح پر

برینٹ کروڈ 101.71 ڈالر فی بیرل رہا، جو 2.16 ڈالر یا 2.08 فیصد کم ہے (فوٹو: اے ایف پی)
تیل کی قیمتیں پیر کو ایک ہفتے سے زیادہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں کیونکہ امید کی جا رہی ہے کہ اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران ایران جنگ میں سفارت کاری کو موقع ملے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچرز اور امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ پیر کو 10 ستمبر کے بعد کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے۔ برینٹ کروڈ 101.71 ڈالر فی بیرل رہا، جو 2.16 ڈالر یا 2.08 فیصد کم ہے، جبکہ جمعے کو یہ 0.91 فیصد نیچے بند ہوا تھا۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ 2.15 ڈالر یا 2.14 فیصد گر کر 98.15 ڈالر فی بیرل پر آگیا، جو پچھلے سیشن میں 1.58 فیصد کم ہوا تھا۔
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار ٹِم واٹرر کے مطابق ’ایسا لگتا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں موجود خطرے کا عنصر کچھ کم ہوا ہے کیونکہ امید ہے کہ امریکہ-ایران جنگ کو کم کرنے کے لیے سفارتی راستہ نکل سکتا ہے۔ تاہم یہ امید حقیقت میں بدلتی ہے یا نہیں، وقت ہی بتائے گا۔‘
ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ 100 ڈالر فی بیرل کی نفسیاتی حد سے نیچے آگیا۔ سنگاپور کے ایک بروکر کے مطابق کچھ سرمایہ کاروں نے اکتوبر کے معاہدے کی میعاد ختم ہونے سے ایک دن پہلے اپنی پوزیشن نومبر کے معاہدے میں منتقل کر دی۔
ایران اور امریکہ نے اتوار کو نئی دھمکیاں دیں، حالانکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے لیے تیار ہیں، جو اس ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہوں گے۔ ایران کے سکیورٹی چیف محسن رضائی نے الجزیرہ کو بتایا کہ ایران نے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے اپنی شرائط ثالثوں کو پہنچا دی ہیں۔

 

شیئر: