Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کی پوزیشن مستحکم

ابوظبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ کا چوتھا دن کیوی کپتان کین ولیمسن اور ہیری نکولز کے نام رہا جنہوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74رنز کا خسارہ ختم کرنے کے بعد198رنز کی اہم برتری حاصل کر کے پاکستانی ٹیم کو مشکل صورتحال سے دوچار کردیا ہے ۔60رنز پر 4وکٹیں گر جانے کے بعد کین ولیمسن کے ساتھ ہیری نکولز نے 212 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے تمام دباو پاکستانی ٹیم پر منتقل کر دیا ہے ۔اس دوران کین ولیمسن نے اپنی 19ویں ٹیسٹ سنچری بھی مکمل کرلی اور 139رنز پر کھیل رہے ہیں جبکہ ہینری نکولز اپنی تیسری سنچری سے 10رنز کے فاصلے پر ہیں۔ پورے دن میں صرف2وکٹیں گریں اور چوتھے دن کے کھیل میں پاکستانی ٹیم کیلئے یاسر شاہ کے ریکارڈ کے سوا کچھ نظر نہیں آیا جبکہ میچ بھی رفتہ رفتہ مہمان ٹیم کے کنٹرول چلا گیا۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور4وکٹوں کے نقصان پر272رنز ہو چکا تھا۔ مہمان ٹیم نے کھیل کا آغاز 26رنز 2 کھلاڑی آوٹ پر کیا تھا اور ابتدائی سیشن میں نائٹ واچ مین اور سابق کپتان روس ٹیلر کی وکٹوں سے محرومی کے بعد مشکل صورتحال سے دوچار ہونے کے باوجود اپنے کپتان کین ولیمسن کے شاندار کھیل اور ہینری نکولز کی جانب سے ان کا بھرپور ساتھ دیئے جانے کے نتیجے میں اب کھیل پر حاوی ہو چکی ہے ۔ تمام پاکستانی بولرز ان دونوں کے سامنے بے بسی کا شکار نظر آئے اور پاکستانی کپتان سرفراز احمد کی کوئی حکمت عملی اس شراکت کو توڑنے میں کامیاب نہ ہو سکی ۔کیوی ٹیم 198رنز کی برتری حاصل کرچکی ہے اور ابھی اس کی 6وکٹیں باقی ہیں۔ آج کھیل کا آخری دن ہے اور کیوی کپتان کی جانب سے پاکستان کو دیا جانے والا کوئی ہدف حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا ۔ اسی میدان میں جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوران پاکستان چوتھی اننگز کے دوران 176رنز کے حصول میں ناکامی کا شکار ہو کر خسارے میں چلی گئی تھی۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: