الجوف بین الاقوامی زیتون فیسٹیول میں اولیو کچن، ثقافتی اور تفریحی زون شامل
الجوف ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن نواف بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ رواں برس کا الجوف بین الاقوامی زیتون فیسٹیول علاقے کے زرعی اور سیاحتی وسائل کی عکاسی کرتا ہے۔
جمعرات کو الجوف بین الاقوامی زیتون فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر گورنر شہزادہ فیصل بن نواف بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ یہ فیسٹیول ترقی کی حمایت کرتا ہے، کسانوں کو بااختیار بناتا ہے اور الجوف کی مصنوعات کے لیے مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔
فیسٹیول کا اہتمام سکاکا میں الجوف میونسپلٹی کی جانب سے کیا گیا ہے جو 17 جنوری تک جاری رہے گا، جس میں 45 زیتون کے باغات، 10 زرعی کمپنیاں اور سات ممالک حصہ لے رہے ہیں۔
گورنر نے فیسٹیول کے پویلینز اور الجوف کی زیتون کی مصنوعات کا دورہ کیا۔
گورنر نے معیار کی دیکھ بھال اور زرعی مصنوعات کی اپ گریڈنگ کی اہمیت پر زور دیا تاکہ انہیں مقامی اور عالمی مارکیٹ میں مضبوط پوزیشن مل سکے۔
انہوں نے فیسٹیول کے میدان کا بھی دورہ کیا اور پروگراموں کا جائزہ لیا جن میں بین الاقوامی نمائش، اولیو کچن اور متعدد ثقافتی اور تفریحی زون شامل ہیں۔