Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی سی بی کے ایم ڈی: قرعہ فال وسیم خان کے نام نکل آیا

  لاہور: پی سی بی میں طاقت کا توازن بدلنے لگا، منیجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ وسیم خان کو سونپنے کا اعلان کردیا گیا۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی بورڈ میں نیا اسٹرکچر اور شفافیت کا نظام متعارف کرانا چاہتے ہیں،انھوں نے پہلی پریس کانفرنس میں ہی واضح کردیا تھا کہ وہ ایگزیکٹیو پاورز اپنے ہاتھ میں رکھنے کے حق میں نہیں ہیں،انتظامی امور کیلئے ایم ڈی کا تقرر کیا جائے گا، چیئرمین کی ذمہ داری پالیسی سازی اور امور کی نگرانی ہوگی۔ اس عہدے کیلئے ڈاکٹر نعمان نیاز اور وسیم خان کے نام گردش میں تھے، آخرکار قرعہ فال وسیم خان کے نام نکلا اور انھیں ایم ڈی کا عہدہ سونپنے کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔ بزنس ایڈمنسٹریشن میں ڈگری ہولڈر وسیم خان کاونٹی کرکٹ میں ڈربی شائر، سسیکس اور ورکشائر کی نمائندگی کرچکے،وہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے میدانوں پر کھیل بھی چکے ہیں، انھوں نے 58فرسٹ کلاس میچز میں حصہ لیا اور بینک آف انگلینڈ کے ایک پروجیکٹ پر کام کیا۔گزشتہ 7سال سے ای سی بی اینٹی کرپشن کے رکن ہیں،وہ لیسٹر شائر کاونٹی کے چیف ایگزیکٹیو کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں جبکہ انگلش بورڈ کے تحت ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کیلئے بنائے جانے والے ورکنگ گروپ کے سربراہ بھی رہے۔وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے ساتھ ذمہ داری کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا، میری جڑیں پاکستان میں ہیں،فیملی کے ساتھ یہاں منتقل ہونے کے حوالے سے پ±رجوش ہوں۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہاکہ وسیم خان جلد پی سی بی کو جوائن کریں گے، ہم بورڈکی تشکیل نو کیلئے کارروائی شروع کرچکے، امید ہے وسیم خان کے تجربے کی مدد سے انتظامی امور میں نمایاں بہتری آئے گی، ان کی پہلی ذمہ داری ڈومیسٹک کرکٹ کے اسٹرکچر میں تبدیلی ہوگی۔ بورڈ کے مطابق وسیم خان کی جانب سے فروری میں عہدہ سنبھالنے کا امکان ہے۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: