Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قائد اعظم ٹرافی : حبیب بینک نے تیسری مرتبہ ٹائٹل جیت لیا

کراچی: حبیب بینک نے سوئی سدرن گیس کو ہرا کر پاکستان کا سب سے بڑا فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی تیسری مرتبہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔کراچی کے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں حبیب بینک اور سوئی ناردرن گیس کے درمیان فائنل میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا لیکن میچ آفیشلز نے پہلی اننگز کی بنیاد پر حبیب بینک کو ٹورنامنٹ کا فاتح قرار دیا۔ پہلی اننگز میں سوئی ناردرن گیس نے مصباح الحق کی 91 رنز کی بدولت 304 رنز بنائے جس کے جواب میں حبیب بینک نے عابد علی اور عمر اکمل کی سنچریوں سے تقویت پاتے ہوئے 472 رنز بنائے ۔سوئی ناردرن گیس 168 رنز کے خسارے سے دوچار ہوئی لیکن دوسری اننگز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 430رنز 7 کھلاڑی پر اننگز ڈکلیئر کر کے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔حبیب بینک کو میچ کے آخری دن فتح کے لیے 263 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں وہ مشکلات سے دوچار ہوئی لیکن عمر اکمل نے نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کو شکست سے بچا لیا۔حبیب بینک نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے تھے جس کے بعد امپائرز نے دنوں ٹیموں کے کپتانوں سے مشاورت کے بعد میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا اور پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر حبیب بینک کی ٹیم فاتح قرار پائی۔میچ جلد ختم کرنے پر مصباح الحق امپائرز فیصل آفریدی اور محمد آصف سے الجھ گئے اور انہیں خبردار کیا کہ وہ خراب روشنی پر کھیل ختم ہونے کا معاملہ کرکٹ کمیٹی میں اٹھائیں گے۔ مصباح نے احتجاجاً وکٹوں پر ہاتھ مارا اور تحمل مزاج مصباح کے اس رویے پر اسٹیڈیم میں موجود افراد بھی حیران رہ گئے۔ قومی ٹیم میں واپسی کیلئے کوشاں عمر اکمل کو دونوں اننگز میں 113 اور 52 رنز بنانے پر فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 30 لاکھ روپے اور رنر اپ ٹیم کو 20 لاکھ روپے ملے۔بہترین بولر لاہور کے اعزاز چیمہ قرا ر پائے جبکہ کراچی کے خرم منظور بہترین بلے باز قرارپائے۔پشاور ریجن کے گوہر علی کو بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ ملا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: