Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا چیٹ جی پی ٹی میں بھی اب اشتہارات نظر آئیں گے؟

اوپن اے آئی کے مطابق اشتہارات بچوں کو نہیں دکھئے جائیں گے (فوٹو: اوپن اے آئی)
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مشہور کمپنی اوپن اے آئی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ چند ہفتوں میں چیٹ جی پی ٹی کے اندر اشتہارات کی آزمائشی شروعات کرنے جا رہی ہے۔
اس اعلان کو دنیا کے مقبول ترین اے آئی پلیٹ فارمز میں ایک بڑی تبدیلی سمجھا جا رہا ہے۔
ابتدائی طور پر یہ اشتہارات امریکہ میں متعارف کرائے جائیں گے، جس کے بعد مرحلہ وار دیگر ممالک میں بھی یہ پالیسی نافذ کی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق اشتہارات چیٹ جی پی ٹی کے جوابات پر کسی قسم کا اثر نہیں ڈالیں گے اور نہ ہی صارفین کا ڈیٹا اشتہار دینے والی کمپنیوں کو فروخت کیا جائے گا۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ تمام اشتہارات چیٹ بوٹ کے جواب کے نیچے الگ اور واضح طور پر لیبل شدہ باکس میں دکھائے جائیں گے۔ مثال کے طور پر اگر کوئی صارف نیویارک کے سفر کی منصوبہ بندی سے متعلق سوال کرے گا تو اسے پہلے معمول کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کا جواب ملے گا، جس کے بعد ممکنہ طور پر کسی ہوٹل کا اشتہار نظر آ سکتا ہے۔
اوپن اے آئی کی ایپلی کیشنز کی چیف ایگزیکٹیو فدجی سیمو نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ ’لوگ چیٹ جی پی ٹی پر اہم اور ذاتی نوعیت کے کاموں کے لیے اعتماد کرتے ہیں، اس لیے اشتہارات متعارف کراتے وقت اس اعتماد کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔‘
ان کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کے جوابات اشتہارات کی بنیاد پر نہیں بلکہ ہمیشہ صارف کے مفاد میں اور مفید معلومات پر مبنی ہوں گے۔
ابتدائی مرحلے میں اشتہارات چیٹ جی پی ٹی کے فری ورژن اور آٹھ ڈالر ماہانہ ’گو‘ سبسکرپشن استعمال کرنے والے لاگ اِن صارفین کو دکھائے جائیں گے۔ تاہم پلس، پرو اور انٹرپرائز سبسکرپشن رکھنے والے صارفین کو اشتہارات نہیں دکھائے جائیں گے۔
اوپن اے آئی نے واضح کیا ہے کہ ’صارفین کی چیٹس یا ذاتی معلومات اشتہار دینے والی کمپنیوں کے ساتھ شیئر نہیں کی جائیں گی۔ اشتہار دینے والی کمپنیوں کو صرف مجموعی کارکردگی سے متعلق ڈیٹا فراہم کیا جائے گا، جیسے کہ اشتہار کتنی بار دکھایا گیا یا کتنے صارفین نے اس پر کلک کیا۔‘

کمپنی کے مطابق صارفین کا ڈیٹا اشتہار دینے والی کمپنیوں کو فروخت نہیں کیا جائے گا (فوٹو: اوپن اے آئی)

کمپنی کے مطابق ’اشتہارات صارف کی گفتگو کے موضوع سے مطابقت رکھتے ہوں گے، تاہم صارفین کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اشتہارات کے لیے استعمال ہونے والے ڈیٹا کو چیٹ جی پی ٹی کی دیگر ذاتی سہولیات متاثر کیے بغیر بند کر سکیں۔‘
اوپن اے آئی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ’حساس موضوعات جیسے صحت، ذہنی صحت یا سیاست سے متعلق گفتگو میں اشتہارات نہیں دکھائے جائیں گے، جبکہ 18 سال سے کم عمر صارفین کو بھی اشتہارات نہیں دکھائے جائیں گے۔‘
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ ’مستقبل میں چیٹ جی پی ٹی میں مزید انٹرایکٹیو اشتہارات متعارف کرانے کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین اشتہار دیکھ کر براہِ راست سوالات پوچھ سکیں۔‘
واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی کے 800 ملین سے زائد ہفتہ وار صارفین ہیں، جن میں اکثریت مفت سروس استعمال کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اشتہارات متعارف کرانا اوپن اے آئی کے لیے آمدن بڑھانے کی ایک اہم حکمتِ عملی ہو سکتی ہے تاہم اصل چیلنج صارف کے اعتماد اور تجربے کو برقرار رکھنا ہوگا۔

شیئر: