Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ جنوبی افریقہ میں کسی گھبراہٹ کا شکار نہیں، کپتان سرفراز

کراچی:پاکستانی کرکٹ کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کھیل میں اتار چڑھاو آتے ہیں، جان بوجھ کر کوئی نہیں ہارتا ۔نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز ہارنے کے بعد کی جانے والی تنقید پر بہت دکھ ہوا ۔ کپتان نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں پر واضح کردیا ہے کہ شکست کے خوف سے دفاعی کھیل کے بجائے اپنی حقیقی صلاحیتوں کے مطابق مقابلے کی کوشش کریں ۔ جنوبی افریقہ کی تیز وکٹوں پر وہی بیٹسمین کامیاب ہوگا جو دلیری سے کھیلے گا۔جنوبی افریقہ میں سیریز آسان نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں اکثریت نوجوان کھلاڑیوں کی ہے ۔ کامیابی کیلئے پرامید ہوں اس کیلئے ضروری ہے کہ کھلاڑی نیوزی لینڈ سے شکست کو فراموش کرکے نئی سیریز میںنئے عزم سے حصہ لیں اگر انہوں نے اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی دکھائی تو ہم سیریز جیت سکتے ہیں۔ ہم کسی گھبراہٹ کا شکار نہیں۔پاکستان ٹیم مشکل حالات میں حیران کن کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ فاسٹ بولرز سے متعلق صلاح مشورے سے فیصلہ ہوگا۔ محمد عباس اور حسن علی کے علاوہ محمد عامر بھی موجود ہوں گے جبکہ شاہین شاہ آفریدی اپنے قدکی وجہ سے زیادہ کارآمد ہوسکتے ہیں۔ہوسکتا ہے کہ ٹیسٹ میں 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ اتریں جہاں تک اسپنرز کا تعلق ہے تو یاسر شاہ کے ساتھ شاداب خان کو آزمانے کا فیصلہ صورتحال کے مطابق کریں گے۔ اوپننگ میں ناکام تجربات سے متعلق سوال پر کپتان کا کہنا تھا کہ 2010 ءسے اب تک کئی جوڑیاں تبدیل ہوئی ہیں۔محمد حفیظ کے ساتھ عمران فرحت، توفیق عمر، ناصر جمشید، خرم منظور کی آزمائش ہوئی، شان مسعود اور امام الحق آئے، اظہر علی بھی اوپننگ کرتے رہے جبکہ فخرزمان بھی کھیلے لیکن اس شعبے میں کوئی حتمی جوڑی تیار نہیں ہو سکی۔ کوشش ہے کہ اس سیریز میں یہ مسئلہ حل ہوجائے ۔ 
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: