نوازشریف نے ہمیشہ ملک و قوم کی ترقی اور استحکام کو ترجیح دی
ریاض (ذکااللہ محسن )پاکستان مسلم لیگ ن ریاض ریجن کی ایگزیکٹو کونسل کی جانب سے پارٹی میں شامل ہونیوالے نئے کارکنوں کے اعزاز میں عشائیہ کی تقریب کا انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا جس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے عہدیدارن اور کارکنوں نے شرکت کی ۔تقریب میں پاکستان کی موجودہ حکومت کی ناقص خارجہ اور معاشی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی گئی اور سعودی عرب میں مسلم لیگ ن کی نئی رکنیت سازی اور تنظیم نو کے لائحہ پر بھی غور کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید فرقان حمید سے کیا گیا جس کا شرف جی ایم ملک کو حاصل ہوا جبکہ ہدیہ نعت اے ایس چاند نے پیش کیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری خادم بجاڑ نے اپنے خوبصورت انداز میں نظامت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے صدر خالد اکرم رانا نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت اپنے 100دن کے ایجنڈے کو پورا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی۔ موجودہ حکومت نے ملک کا معاشی جنازہ نکال دیا ہے ۔نااہلی کی وجہ سے معیشت زوال پذیر ہو گئی۔ ترقیاتی منصوبوں میں بے حد کمی کی وجہ سے لاکھوں افراد بے روزگار ہو گئے ہیں۔ مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ نواز شریف ایسا لیڈر ہے جس نے ہمیشہ ملک و قوم کی ترقی اور استحکام کو ترجیح دی۔ وہ کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے اور پاکستان کی عوام ملک میں امن خوشحالی اور ترقی دینے والے عظیم لیڈر میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سردار شعیب صدیق کا کہنا تھا ہندنے ایک طرف کشمیریوں کے قتل عام کا بازار گرم کیا ہوا ہے تو دوسری طرف پی ٹی آئی کی حکومت نے کرتار پور راہداری کھول کر اپنا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے۔ کرتار پور راہداری ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ یوتھ ونگ کے صدر راجہ یعقوب نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنے قومی ترقی اور عوامی مفاد کے ایجنڈے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ موجودہ حکومت الزام تراشیوں کو چھوڑ کر ملک میں معاشی ناکامی کا اعتراف کرے۔ ملک بدترین معاشی پالیسیوں کے باعث آج نازک ترین دوراہے پر کھڑا ہے۔ سرپرست اعلیٰ چوہدری عبدالمجید گجر نے کہاکہ میاں نواز شریف جمہوریت کے شہ سوار ہیں۔ ان کی ملکی ترقی کے لیے بے مثال خدمات کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ پاک میڈیا فورم ریاض کے نائب صدر امتیاز احمد نے پاکستان مسلم لیگ ن کے تمام عہدیدارن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک میڈیا فورم اپنی کمیونٹی کی خدمت میں ہر لمحہ پیش پیش ہے انشاء اللہ ہماری کوشش رہے گی کہ آئندہ بھی بلاتفریق صحافت کو پروان چڑھایا جائے۔ پاک میڈیا فورم کمیونٹی کی خدمت کو ہی اپنا اولین مشن بنائے ہوئے ہے۔ حاجی احسان دانش نے ملک میں جمہوری روایات کے فروغ اور جمہوری نظام کے استحکام کے حوالے سے میاں نواز شریف کی جدوجہد بے مثال ہے۔ تقریب سے چوہدری خادم حسین ، جی ایم ملک ، مرزا منیر بیگ ، یوسف جٹ ، رانا اشرف ، ملک عصمت ، محمود ڈوگر ، شہزاد خان ، اجمل منہاس محمد افضل اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنیوالے نئے کارکنوں کو خوش آمدید کہا اور پاک میڈیا فورم ریاض کی نئی باڈی مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ تقریب کے آخر میں زاہد بٹ ، ملک نعیم ، اور یاسر عرفات نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کے لیے اپنی بے لوث خدمت کا یقین دلایا۔