Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بگ بیش لیگ: عثمان شنواری مین آف دی میچ

سڈنی:آسٹریلیا میں کھیلی جارہی بگ بیش ٹی ٹوئنٹی لیگ میں پاکستانی فاسٹ بولر عثمان شنواری مین آف دی میچ قرار پائے ۔عثمان خان شنواری کے علاوہ پاکستان نژاد لیگ اسپنر عثمان قادر نے بھی بگ بیش لیگ کا پہلا میچ کھیلا جس میں عثمان شنواری کی ٹیم میلبورن رینیگیڈز نے 4وکٹوں سے فتح سمیٹ لی ۔یہ اسکورچرز کے خلاف رینیگیڈز کی بگ بیش لیگ کی تاریخ میں پہلی فتح بھی ہے ۔ عثمان شنواری نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4اوور ز میں17رنز دے کر2وکٹیں لیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ بگ بیش کے دوسرے میچ میں پرتھ اسکورچرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 103رنز بنا ئے تھے۔ میلبورن رینیگیڈز کے بولرز نے پرتھ کی ٹیم کو بڑا اسکور نہیں بنانے دیا ۔ مائیکل کلنگر 28رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ ژرنر نے 13، کرٹرائٹ اور ڈیوڈ ولی12،12رنز بنائے ۔ ڈینیئل کرسٹیان اور کین رچرڈسن نے3،3جبکہ عثمان شنواری اور ولڈرموتھ نے2،2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں میلبورن رینیگیڈز نے محمد نبی اور سائمن ہارپر کی بیٹنگ کی بدولت 16ویں اوور میں 107رنز مکمل کرکے ٹیم کو4وکٹوں سے فتح دلا دی۔ دونوں نے36-36رنز بنائے۔ بہرنڈورف اور ناتھن کولٹر نائل نے2،2وکٹیں لیں۔ لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام سے شناخت بنانے والے لیگ اسپنر عثمان قادر پرتھ اسکورچرز کی نمائندگی کر رہے تھے۔ انہوں نے 2رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے جبکہ2اوورز میں 20 رنز دیئے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔پاکستان کے مایہ نازسابق لیگ اسپنر عبدا لقادر کے صاحبزادے عثمان قادر اب آسٹریلیا منتقل ہو چکے ہیں اور وہ آسٹریلیا کی قومی ٹیم تک رسائی کیلئے پر امید ہیں ۔ عثمان قادر ویسٹرن آسٹریلیا کی جانب سے ون ڈے کپ بھی کھیل چکے ہیں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: