پالیسی میں تبدیلی، عمرہ ویزا جاری ہونے کے کتنے دن بعد سعودی عرب پہنچنا ضروری؟
جمعرات 30 اکتوبر 2025 20:50
ویزے کی مدت تین ماہ سے کم کرکے 30 دن کی جا رہی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزارت حج عمرہ ویزے سے متعلق نئی تبدیلی کرنے جا رپی ہے۔ ویزا جاری کرانے کے بعد 30 دن کے اندر مملکت آنا ضروری ہے بصورت دیگر ویزا منسوخ ہو جائے گا۔
العربیہ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ’ وزارت حج وعمرہ کی جانب سے ویزا پالیسی میں کی جانے والی تبدیلیوں پرعمل درآمد آئندہ ہفتے سے کیا جا رہا ہے۔‘
قبل ازیں عمرہ ویزے کی مدت 3 ماہ ہوتی تھی۔ ویزا جاری ہونے کے 90 دن تک کارآمد رہتا تھا۔
اس دوران مملکت کا سفر کیا جاسکتا تھا تاہم نئی تبدیلی کے بعد ویزے کی مدت تین ماہ سے کم کرکے 30 دن کی جا رہی ہے۔
عمرہ زائرین کے مملکت آنے کے بعد قیام کی انتہائی مدت 3 ماہ ہی رہے گی، اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
العربیہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کمیٹی برائےعمرہ کے مشیر احمد باجعیفر کا کہنا تھا ’عمرہ ویزے کی مدت کے حوالے سے جاری ہونے والے ضوابط کا آغاز آئندہ ہفتے تک ہو گا۔‘
’اس کا مقصد حرمین شریفین میں غیرمعمولی ازدحام پر قابو پانا اور ان دونوں مقدس شہروں کی گنجائش کے مطابق زائرین کو عمرہ ویزے کا اجرا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا’ ان دنوں مملکت کا موسم بتدریج بہتر ہو رہا ہے۔ ایک ہی وقت خاص کر رمضان کے مہینے میں بڑی تعداد میں عمرہ زائرین کی متوقع آمد، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائشی، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر سہولتوں میں گنجائش کو دیکھتے ہوئے ویزوں کی مدت کو کم کیا گیا ہے تاکہ مقررہ غیر معمولی ازدحام پر قابو پایا جائے۔‘
بعض ممالک سے آنے والے زائرین عمرہ ویزہ دو یا تین ماہ قبل جاری کرا لیتے تھے۔ آخری دنوں میں مملکت آتے تھے، حرمین شریفین میں خاص طور پر رمضان المبارک کے دوران ازدحام دیکھنے میں آتا تھا۔
واضح رہے رواں برس عمرہ سیزن کا آغاز حج کے فوری بعد جون 2025 میں کردیا گیا تھا۔ مختصر مدت کے دروان عمرہ زائرین کی آمد میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا محض پانچ ماہ کے دوران 40 لاکھ عمرہ ویزے جاری کیے گئے تھے۔
عمرہ سیزن کے دوران پاکستان سے آنے والے عمرہ زائرین سرفہرست رہے جبکہ دوسرے نمبر پر انڈونیشیا کے زائرین رہے۔ تیسرے نمبر پر انڈیا پھر عراق کے زائرین رہے پانچواں نمبر مصر کا رہا۔
وزارت حج وعمرہ نے بیشتر ممالک کے لیے ’نسک‘ پورٹل پر عمرہ ویزے کی سہولت بھی شروع کررکھی ہے جس کے ذریعے یورپی ممالک سے آنے والے زائرین اپنی مرضی کا عمرہ پیکیج باسانی حاصل کرسکتے ہیں۔
عمرہ کے لیے آنے والے بیشتر زائرین جدہ یا براہ راست مدینہ منورہ آتے ہیں جس کے بعد وہ عمرہ کی ادائیگی کےلیے ٹرین یا بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ روانہ ہوجاتے ہیں۔
