غزہ سے مزید 57 مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی امارات منتقلی
        
        
            
           												
													
												  جمعرات 30 اکتوبر 2025 22:56												
                                                                
             
                        
                
                    
                                                    
                                 
                                                                    
                                        
                                             اب تک دو ہزار961 افراد کو علاج کےلیے امارات لایا گیا ہے۔ (فوٹو: وام)                                        
                                    
                                
                             
                                             
                             
            
			
	
	       
	
				
            
                غزہ کی پٹی سے 57 مریضوں اور ان کے اہل خانہ کا ایک اور گروپ متحدہ عرب امارات پہنچا ہے۔
اکتوبر 2023 سے اب تک دو ہزار961 افراد کو غزہ سے علاج کےلیے امارات لایا گیا ہے۔
یہ اقدام غزہ کے شہریوں کے مصائب میں کمی، تیزی سے بحالی، سلامتی و استحکام کو یقینی بنانے اور بحران کے منفی اثرات میں کمی کے لیے امارات کے جاری عالمی انسانی مشن کا حصہ ہے۔
اماراتی انٹرنیشنل امدادی ایجنسی کے ذریعے اسرائیل کے رامون ایئرپورٹ اور کرم ابو سالم کراسنگ کے راستے مریضوں کا طبی انخلا مکمل کیا گیا۔ امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات کے مطابق ایک ہزار زخمی فلسطینیوں اور ایک ہزار کینسر کے مریضوں کا امارات کے ہسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
امارات کی امدادی ایجنسی کے وائس چیئرمین سلطان محمد الشامسی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات بحران اور تنازعات سے متاثرہ افراد کی بحالی اور ان کے مصائب میں کمی کے لیے پر عزم ہے۔
متحدہ عرب امارات بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے غزہ سے مریضوں کی منتقلی کےلیے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔غزہ میں امارات کا ایک فیلڈ ہسپتال بھی کام کر رہا ہے۔
