Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جوہانسبرگ ٹیسٹ میں شاداب خان کی مدد حاصل ہوگی، پاکستانی کوچ

  کیپ ٹاون:پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ لیگ اسپنر شاداب خان کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے میچوں میں ہم5 بولرز کے ساتھ کھیلنے کی حکمت عملی کو نہ آزما سکے جبکہ فہیم اشرف کی کمی بھی محسوس کی گئی ۔ کوچ کا کہنا تھا کہ یہ دونوں آل راونڈر ز بولنگ کے ساتھ ساتھ اچھی بیٹنگ بھی کر لیتے ہیں جس سے ٹیم کو فائدہ پہنچتا رہا ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ فہیم اشرف کو ابھی اتنا تجربہ نہیں کہ وہ ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے حوالے سے جگہ پکی کر سکیں۔ کپتان سرفراز احمد کی جانب سے فاسٹ بولرز کی کم رفتاری کو شکست کی ایک وجہ قرار دینے کے بارے میں کوچ کا خیال تھا کہ بولرز کی تھکاوٹ اس کی وجہ ہو سکتی ہے ۔ اگر ہم 5بولرز کے ساتھ کھیلنے کی پوزیشن میں ہوتے تو بولرز پر بوجھ تقسیم ہو جاتا اور ان کی رفتار متاثر نہ ہوتی۔ شاہین آفریدی 18سال کے ہیں اور انہیں پہلی مرتبہ مسلسل  2ٹیسٹ میچ کھیلنا پڑے اور طویل بولنگ اسپیل نے یقینی طور پر نوجوان بولر کو تھکا دیا تھا۔ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ وہ 5بولرز کے ساتھ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی حکمت عملی کے مداح ہیں لیکن ہمارے پاس آپشنز محدود تھے ، اگر شاداب خان فٹ ہوتے تو اس حکمت عملی پر کام ہو سکتا تھا کیونکہ وہ ایک حقیقی آل راونڈر ہیں لیکن اس کی نوبت ہی نہ آسکی۔کوچ نے کیپ ٹاون ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ کو سراہا اور کہا کہ سیریز میں پہلی مرتبہ پاکستانی بیٹسمین وکٹ پر ٹھہرتے دکھائی دیئے اگر تیسرے ٹیسٹ میں بھی بیٹنگ لائن نے ہمت دکھائی تو میچ اچھا ہو سکتا ہے ۔ شاداب خاب بھی فٹ ہو گئے ہیں اور امید ہے کہ تیسرے اور آخری ٹیسٹ جوہانسبرگ میں ہمیں ان کی مدد حاصل ہوگی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: