فیشن کی دنیا میں ہوگا کس رنگ کا راج ؟
کلر انسٹیٹیوٹ کی جانب سے ہر سال دسمبر میں سال کے پسندیدہ رنگ کا انتخاب کیا جاتا ہے اور سال 2019 کے لیے "لیونگ کورل" کو سال کا پسندیدہ رنگ قرار دیا گیا ہے . لیونگ کورل یا مرجانی رنگ قدرتی اور دلفریب تاثر کا حامل ہونے کے باعث توانائی ، تازگی ، سکون اور فطری احساسات و جذبات کا عکاس ہے . یہ رنگ اپنے اندر شوخی اور تازگی لیے ہوئے ہے اور نزاکت کی رعنائی سے بھی بھرپور ہے .
نئے سال کا نیا رنگ فیشن انڈسٹری کی تمام تر توجہ اپنی جانب مرکوز کر لیتا ہے . کلرانسٹیٹیوٹ کے ماہرین کے مطابق یہ رنگ قدرتی خوبصورتی کا عکاس ہے لہذا فیشن ماہرین نے بڑی گرمجوشی کے ساتھ اس رنگ کا استقبال کیا ہے . ماہرین کا خیال ہے کہ یہ رنگ فیشن کی دنیا میں پوری آب و تاب کے ساتھ اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے . یہ رنگ سال بھر کے لیے ملبوسات ، برائیڈل ٹرینڈز ، فیشن ڈیزائنز اور گھر کی سجاوٹ سمیت زندگی کے مختلف پہلووں پر اثر انداز ہوگا .
چونکہ لیونگ کورل کو محبت ، سچائی ،مثبت سوچ اور خوشی کی علامت مانا جاتا ہے لہذا خواتین اس رنگ کو فطرت کے زیادہ قریب محسوس کریں گی . اس رنگ کا اپنے ملبوسات اور گھر میں استعمال شوخ و دلفریب اور قدرتی رعنائی کی عکاسی کرے گا . عروسی ملبوسات اور پارٹی ویئرز میں اس رنگ کا انتخاب آپ کی جدت پسند طبیعت کو ظاہر کرے گا . مشرقی ملبوسات پر مشرقی سنہری زردوزی اور گوٹا کناری کا کام زبردست شان عطا کرے گا . آپ اسے انار کلی ، لہنگے ، ساڑی ، بیگ ، سینڈل ، کلچ اور نیل کلر کے لیے بھی منتخب کر سکتی ہیں . بس اسے اپنی شخصیت کے مطابق خوبصورتی سے اپنانا آپ کا کام ہے .