Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف کو ٹرین سروس کی ضرورت

علی خضران القرنی ۔ المدینہ
حرمین شریفین کی خدمت سعودی حکومت کا امتیازی وصف ہے۔ سعودی حکومت شاندار خدمات ، اعلیٰ درجے کے منصوبے پے درپے نافذ کرا رہی ہے۔ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ کے عہد سے لیکر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دور تک ہر سعودی حکومت حرمین شریفین کی خدمت کو اپنی پہچان بنائے ہوئے ہے۔ پوری دنیا میں یہ بات مانی جارہی ہے ۔ مشرق، مغرب، شمال اور جنوب کے تمام مسلمان حرمین شریفین کے حوالے سے سعودی حکومت کے اخلاص اور دلچسپی کے قائل ہیں۔ 
سعودی حکومت نے حرمین شریفین کےلئے خدمات کو وسیع سے وسیع تر کرنے کیلئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان حرمین ٹرین شروع کرائی۔ اس سے قبل مشاعر مقدسہ ٹرین پروگرام نافذ کرایا۔ یہ ساری خدمات ایسی ہیں جن پر ہر سعودی شہری ہی نہیں بلکہ دنیا کے ہر مسلمان کو فخر و ناز ہے۔ ٹرانسپورٹ کے سلسلے میں حجاج، زائرین، معتمرین ، سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی سعودی حکومت سے نت نئی خدمات کے امیدوار اور آرزو مند بن گئے ہیں۔ 
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان او رانکے ولی عہد کے روشن دور میں طائف کے باشندے امید کررہے ہیں کہ طائف مکہ ٹرین کی سہولت فراہم کی جائےگی۔ طائف پرفضا مقام ہے۔ یہاں سعودی عرب سمیت دنیا کے مختلف علاقوں کے لوگ موسم گرما کی تعطیلات گزارنے کیلئے پہنچتے ہیں۔ اسے مشرق وسطیٰ کی سطح پر عرب دنیا کے خوبصورت ترین مقام ہونے کا اعزاز حاصل ہوچکا ہے۔ مکہ مکرمہ اور طائف کے درمیان السیل روڈ بنا ہوا ہے۔نئے طائف شہر میں نیا ایئرپورٹ تعمیر کیا جارہا ہے۔ سرکاری دفاتر کھولے جارہے ہیں۔ یہاں کنگ عبداللہ ایئر بیس ہے۔ یہاں عکاظ میلے کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔ طائف یونیورسٹی نے بھی اسکا قد بلند کردیا ہے۔ مختلف تعمیراتی و ترقیاتی منصوبے نافذ کئے جارہے ہیں۔ اگر طائف کو مکہ مکرمہ سے ریلوے لائن سے جوڑ دیا جائے تو ایسی صورت میں طائف میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔ علاوہ ازیں ایئرپورٹ کے راستے طائف پہنچنے والے حجاج، معتمرین اور زائرین بھی آسانی سے طائف سے مکہ مکرمہ آجاسکیں گے۔بارش کے دوران چٹانیں گرنے کے باعث الھدیٰ مکہ روڈ وقتاً فوقتاً بند ہوتا رہتا ہے۔ ٹرین سروس کی بدولت یہ مشکل بھی حل ہوجائیگی۔ طائف کے شہری مکہ مکرمہ آتے جاتے رہتے ہیں۔ موجودہ دونوں راستے انکے لئے اب تنگ ہونے لگے ہیں۔ اس حوالے سے بھی مکہ طائف ٹرین سروس انتہائی مفید ثابت ہوگی۔
********
 
 

شیئر: