Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جوہانسبرگ ٹیسٹ: پاکستان کو جیت کیلئے7وکٹوں پر مزید 228 رنز درکار

جوہانسبرگ:جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ سے بچنے کیلئے پاکستان کو مزید 228رنز درکار ہیں جبکہ اس کے 7کھلاڑی باقی ہیں۔جیت کیلئے381 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 3 وکٹوں پر 153 رنز بنا لئے ہیں۔پاکستان کی بیٹنگ لائن کی حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ واضح ہے کہ سیریز میں وائٹ واش کی ہزیمت سے بچنے کا چیلنج پاکستان کو درپیش ہے، بیٹسمینوں کو غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔اوپنر امام الحق نے 35اور شان مسعود نے 37رنز بنا کر دوسری اننگز میں اپنا حصہ ڈال دیا ہے ،دونوں کو وکٹ کیپر ڈی کوک نے اسٹین کی گیندوں پر کیچ آوٹ کیا ، اظہر علی دوسری اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے ، انہوں نے صرف 15رنز بنا کر اولیور کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ دے دیا، پہلی اننگز میں وہ پہلی ہی گیند پر صفر پر آوٹ ہوگئے تھے۔اسد شفیق پہلی اننگز میں انتہائی بچکانہ طریقے سے گیند سے بچتے ہوئے صفر پر آوٹ ہوگئے تھے لیکن دوسری اننگز میں 8چوکوں کی مددسے 48رنز بنا کر ناٹ آوٹ ہیں جبکہ بابر اعظم 4چوکوں کی مدد سے 17رنز بنا کر ان کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں 303 رنز بنا ئے اور پہلی اننگز میں 77 رنز کی برتری کی بدولت 381 رنز کا بڑا ہدف دیا ہے۔اس اننگز میں ڈی کوک شاندار سنچری 129 اور ہاشم آملہ 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ٹیل اینڈرز میں فلینڈر14، ربادا 21 اور اولیور ایک رن بنا کر آوٹ ہوئے، ڈیل اسٹین صفر پر ناٹ آوٹ رہے، فہیم اشرف اور محمد عباس نے 3،3 جبکہ محمد عامر 2 اور حسن علی نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ناکام رہی تھی، میزبان ٹیم کی جانب سے 4 کیچ ڈراپ اور ایک رن آوٹ کا موقع ضائع کرنے کے باوجود قومی ٹیم پہلی اننگز میں 185 رنز ہی بنا سکی۔ جس میں سرفراز احمد 50، بابر اعظم 49 اور امام الحق 43 کے علاوہ کوئی بھی بلے باز واضح کارکردگی نہیں دکھا سکا تھا ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ میں"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: