Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند کا افغانستان میں کوئی کردار نہیں،دفتر خارجہ

اسلام آباد...ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان فروری میں پاکستان کا دورہ کریں گے ،دورے کی تاریخوں کو طے کیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران دو طرفہ معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ جمعرات کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہندکشمیر میں کشیدگی سے توجہ ہٹانے کے لئے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر صورتحال خراب کر رہا ہے۔ متعدد بار ہاٹ لائن پر رابطوں کے باوجود ہٹ دھرمی جاری ہے۔ نئی دہلی پاکستان پر سرحدی دراندازی کے بے بنیاد الزامات لگا کر علاقائی امن کو خطرے سے دوچار کر رہا ہے۔ ترجمان نے مطالبہ کیا کہ ایل او سی اور ورکنگ باونڈری کے جائزہ کے لئے اقوام متحدہ مبصر مشن کو اجازت دے ۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ افغان لیڈ امن عمل کی حمایت کرتا ہے۔چاہتے ہیں کہ افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان براہِ راست مذاکرات ہوں۔ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے دورے بھی اسی سلسلے میں ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ہند کا افغانستان میں کوئی کردار نہیں۔ طالبان رہنما محب اللہ کی پاکستان میں گرفتاری اور رہائی سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا ۔ پاکستان افغانستان کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں بھی علم نہیں ۔ترجمان نے امریکی وزارت خارجہ کی سینئر افسر لیزا کرٹس کی پاکستان میں موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیزا کرٹس کا دورہ افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے ہے۔

شیئر: