Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انا ہزارے نے غیر معینہ بھوک ہڑتال کا اعلان کردیا

  حیدرآباد۔۔۔سرکردہ سماجی جہدکاراناہزارے نے اعلان کیا ہے کہ اس ماہ کی 30تاریخ سے وہ غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔تلنگانہ جاگروتی تنظیم کی جانب سے حیدرآباد کے ایچ آئی سی سی میں منعقدہ انٹرنیشنل یوتھ لیڈر شپ کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اناہزارے نے کہا کہ لوک پال ، لوک آیوکت ایکٹ 2013میں تیار ہوگئے تھے ۔مودی حکومت 2014میںبرسراقتدار آئی تاہم پانچ برس میں اس حکومت نے کچھ نہیں کیا ۔اسی لئے انہوںنے اپنے گائوں رالے گائوںسدھی میں 30جنوری سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیاہے۔واضح رہے کہ ہزارے نے اس مسئلہ پر وزیراعظم کے دفتر کو قبل ازیں ایک مکتوب روانہ کیاتھا جس میں انہوںنے یاددہانی کروائی تھی کہ لوک پال کی تقرری کے وعدہ کو حکومت نے پورا نہیں کیا ہے۔انہوںنے وزیراعظم کے دفتر کے مملکتی وزیرجتیندر سنگھ کے نام لکھے گئے اس مکتوب میں الزام لگایا تھا کہ این ڈی اے حکومت مرکز میںلوک پال اور ریاستوںمیں لوک آیوکت کی تقرری میں بہانے بازی کر رہی ہے ۔اناہزار ے نے دعویٰ کیاتھاکہ مودی حکومت کے وعدہ پر انہوں نے اپنے احتجاج کو معطل کیاتھا تاہم ان کے جھوٹ پر بھروسہ کرتے ہوئے انہوںنے غلط کام کیا تھا۔ انہوںنے لوک پال اور لوک آیوکت کی تقرری کے لئے دو اکتوبر تک کی مہلت دی تھی تاہم مہاراشٹر کے وزیراعلی نے ان کو یقین دہانی کروائی تھی کہ لوک پال اور لوک آیوکت کی تقرری آخری مرحلہ میں ہے تاہم اس کے لئے ان کو 30جنوری تک کی مہلت دی گئی ہے۔ اناہزارے نے واضح کیا ہے کہ لکھ پتی افراد نہیں بلکہ ملک کی خدمت کرنے والے ہی یادرکھے جاتے ہیں۔انہوںنے نوجوانوں پرزوردیاکہ وہ بہتر رویہ کیلئے اقدار،مثبت سوچ، قربانی اور خدمات کے گاندھیائی اصولوں پر عمل کریں۔انہوںنے کہاکہ نوجوان ملک کی طاقت ہیں۔نوجوانوںکے بیدار ہونے پر ملک کی ترقی اور بہبودیقینی ہے۔ انہوںنے کہاکہ گاندھی جی نے ہمیشہ اپنے ملک کو ہی اپنا خاندان تصور کیا ۔

شیئر: