Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلاحی انجمنوں کو ادا شدہ فیس کی واپسی شروع

دمام۔۔۔ سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود نے بتایا ہے کہ فلاحی انجمنوں کو انکے غیر ملکی ملازمین کی ادا شدہ فیس کی واپسی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ فلاحی انجمنیں اپنے یہاں کام کرنے والی غیر ملکیوں کی جانب سے ادا کی جانے والی فیسیں واپس لینے کے سلسلے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ یہ بھی لگتا ہے کہ بہت ساری انجمنوں کو اسکا علم ہی نہیں کہ انہیں ادا شدہ فیسیں واپس لینے کا حق حاصل ہے۔ کئی انجمنیں اس حوالے سے خدشات کا بھی شکار ہیں۔ بعض پابندیوں کو دیکھتے ہوئے خاموشی میں عافیت محسوس کررہی ہیں۔ یہ باتیں الخبر میں مکتب العمل کے ڈائریکٹر منصور آل بن علی نے عکاظ اخبار سے گفتگو میں بتائیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ 2018ءکے آغازسے لیکر اب تک فلاحی انجمنو ں نے اپنے غیر ملکی ملازمین کی جو فیسیں ادا کی تھیں انہیں واپس کرنے کا اعلان کئی بار کیا جاچکا ہے تاہم الخبر مکتب العمل کو ابھی تک اس حوالے سے کسی بھی فلاحی انجمن نے واپسی کی درخواست نہیں پیش کی۔ آل بن علی نے بتایا کہ دراصل ادا شدہ فیس واپس کرنے کی کچھ شرائط ہیں۔ اہم یہ ہے کہ متعلقہ ادارہ نطاقات کا پابند ہو۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فلاحی ادارہ پورے ایک سال کی فیس واپس لینے کیلئے وزارت محنت کی ویب سائٹ سے آن لائن کارروائی کرسکتا ہے۔ الخبر مکتب العمل میں امور نسواں شعبے کی چیئرپرسن نورة السبیعی نے کہا کہ ممکن ہے کہ فیس واپس لینے کی درخواستیں اس لئے نہ دی جارہی ہوں کہ انہیں علم ہی نہ ہو کہ یہ انکا حق ہے۔ آگہی مہم چلائی جائیگی۔

شیئر: