Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت اور امارات میں ڈیجیٹل کرنسی سے استفادہ کا معاہدہ

ریاض۔۔۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مالیاتی معاملات میں ڈیجیٹل کرنسی سے استفادہ کا معاہدہ کرلیا۔ سعودی عربین مانیٹری اتھارٹی (ساما) اور متحدہ عرب امارات کے سینٹرل بینک نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرکے بتایا ہے کہ ڈیجیٹل کرنسی دونوں ملک مقررہ تکنیکی طریقے سے مالیاتی امور کیلئے استعمال کریں گے۔ فریقین نے اس منصوبے کو " عابر" کا نام دیا ہے۔ دونوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ اس کی بدولت ترسیل زر کے اخراجات کم ہونگے ۔ تکنیکی خطرات اور ان سے نمٹنے میں آسانی ہوگی۔ دونوں ملک مرکزی ترسیل سسٹم کیلئے ڈیجیٹل کرنسی سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ یہ ایک اضافی وسیلہ ہوگا ، دیگر بینکوں کو بھی ترسیل زر کیلئے اس سے استفادہ کا موقع میسر ہوگا۔ مشترکہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کئی ممالک کے سینٹرل بینکوں نے ڈیجیٹل کرنسی کے لین دین کے سلسلے میں "پروف آف کانسیپٹ" کے نتائج جاننے سمجھنے کیلئے تجربات شروع کردیئے ہیں۔ ساما اور اماراتی سینٹرل بینک نے بھی مبینہ ممالک کی دیکھا دیکھی اس تجربے سے استفادہ کا ذہن بنایا ۔ اس کی بابت معلومات حاصل کیں۔ استفادہ کا طریقہ کار دریافت کیا۔ دونوں نے طے کیا کہ ہر ایک انفرادی طور پر اس کا تجربہ کرنے کے بجائے مشترکہ منصوبے کی صورت میں اس سے فائدہ اٹھائے۔ دونوں ملکوں میں ترسیل زر کے معاملات سے نمٹنے کیلئے مرکزی نظام موجود ہے۔ ترسیل زر کے بعض پہلو مزید بہتری چاہتے ہیں۔ امارات اور مملکت ڈیجیٹل کرنسی کے اجراءکا تجربہ مل جل کر کریں گے اور سرحد پار معاملات میں اس سے استفادہ کریں گے۔ ابتدائی مراحل میں تمام توجہ تکنیکی امور پر مرکوز ہوگی۔ دونوں ملکوں کے مخصوص بینکوں تک ہی اس کا دائرہ محدود رہے گا۔ اگر تکنیکی تجربہ کامیاب ثابت ہوا تو مستقبل میں اس کے استعمال کا دائرہ بڑھانے ، اس قانونی تقاضے پورے کرنے اور اقتصادی امور سے نمٹنے کا جائزہ لیا جائے گا۔

شیئر: