Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلش پریمیئر لیگ: دفاعی چیمپیئن مانچسٹر سٹی کی اپ سیٹ شکست

لندن:انگلش پریمیئر لیگ کی دفاعی چیمپیئن مانچسٹر سٹی ، نیو کیسل کے خلاف اپ سیٹ شکست سے دوچار ہوگئی جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ بھی ایسی ہی شکست سے بال بال بچی اور اس کے کھلاڑیوں نے آخری 10منٹ میں2گول کرکے برنلے کے ساتھ مقابلہ2-2سے برابر کیا ۔پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی کی اس ناکامی نے لیور پول کیلئے ٹائٹل کی دوڑ میں آسانی پیدا کردی ہے اور وہ اپنا میچ جیت کر مانچسٹر سٹی کے خلاف مزید سبقت حاصل کر سکتی ہے ۔نیو کیسل کی ٹیم اس وقت پوائنس ٹیبل پر 14 ویںنمبر پر ہے اور اسے اس فتح سے کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا جبکہ مانچسٹر سٹی کو شدید دھچکا لگا ہے ۔ توقع نہیں کہ دفاعی چیمپیئن اس میچ میں ناکامی سے دوچار ہو جائے گی ۔ سرگیو ایگیورو نے میچ کے24ویں سیکنڈ میں گول کرکے مانچسٹر سٹی کی بڑی فتح کے امکانات پیدا کر دیئے تھے لیکن اس کے بعد نیو کیسل نے غیر معمولی کھیل پیش کیا اور دوسرے ہاف میں اس کے کھلاڑی سالمون رونڈن نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا ۔جاری سیزن میں اب تک کا بدترین کھیل پیش کرنے والی مانچسٹر سٹی کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب میچ ختم ہونے سے 10منٹ پہلے نیو کیسل کو پنالٹی کک ملی اور میٹ رچی نے اس پر گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی جس کا خاتمہ دفاعی چیمپیئن کیلئے ممکن نہیں ہو سکا اور وہ قیمتی پوائنٹس سے محروم ہونے کے ساتھ اعزاز کے دفاع میں ناکامی کے خطرات سے دوچار ہو گئی ہے۔ دوسری جانب مانچسٹر یونائیٹڈ کو لیگ میں15 نمبر کی ٹیم نے شکست کے خطرے دوچار کر دیا تھا جسے بڑی مشکل سے ٹالا گیا ۔پہلا ہاف بغیر گول کے برابر رہا تاہم دوسرے ہاف کے شروع میں برنلے نے برتری حاصل کر لی جسے بعد ازاں دگنا بھی کر دیا گیا ۔ میچ ختم ہونے سے 3منٹ پہلے پال پوگبا نے پنالٹی پر گول کرکے خسارہ کم کیا اور لینڈولف نے انجری ٹائم میں گول کرتے ہوئے میچ برابر کرکے مانچسٹر یونائیٹڈ کو شکست سے بچا لیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: