سعودی عرب کی بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت، پاکستان کی سپورٹ کا اعادہ
وزارت کے بیان میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی گئی۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں علیحدگی پسندوں کی طرف سے کیے جانے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاپسندانہ کارروائیوں کو مکمل طور پر مسترد، سلامتی کو درپیش خطرات سے نمنٹے اور اپنی سرزمین کے تحفظ کو برقرار رکھنے کے حوالے سے پاکستان کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
بیان میں متاثرین کے اہل خانہ، پاکستان کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
پاکستان میں سرکاری حکام اور سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ کوئٹہ سمیت صوبہ بلوچستان کے 10 سے زائد اضلاع میں عسکریت پسندوں نے منظم اور مربوط حملےکیے ہیں۔
حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائیوں کے دوران اب تک درجنوں حملہ آور مارے جا چکے ہیں جبکہ سویلین اور سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔
سنیچر کی رات اور صبح کو ہونے والے حملوں کے بعد سکیورٹی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ ’مؤثر جوابی کارروائیوں میں دہشت گرد حملے ناکام بناتے ہوئے اب تک 67 دہشتگرد مارے جاچکے ہیں۔‘
’گزشتہ روز بھی پنجگور اور ہرنائی کے قریب شعبان میں مختلف کارروائیوں میں 41 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ اس طرح گزشتہ دو روز کے دوران آپریشنز میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی تعداد 108 تک پہنچ گئی ہے۔‘
