Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض : سعودی اماراتی اکنامک فورم 2شروع، مشترکہ منصوبوں میں توسیع کے عزائم

     ریاض- - - - سعودی عرب او رمتحدہ عرب امارات کے درمیان اکنامک فورم 2کا جمعرات کو ریاض میں آغاز ہو گیا۔ فریقین نے مشترکہ منصوبوں میں توسیع کے عزائم کا اظہار کیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان 2018ء کے دوران 85ارب درھم کا تجارتی لین دین ہوا۔ یہ لین دین پٹرول کے ماسواشعبوں سے متعلق ہے۔ 2017ء میں دونو ںملکوں نے 79ارب درھم کا تجارتی لین دین کیا تھا۔ 2018ء میں 6ارب درھم کا اضافہ ہوا۔ سعودی وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی نے اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امارات اور مملکت کے دوطرفہ تعلقات تمام شعبوں کا احاطہ کئے ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے عوام اور قائدین محبت او رہمسائیگی کے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ فورم میں دونو ں ملکوں کے عہدیدار سرکاری محکموں کے نمائندے اور سرمایہ کار حصہ لے رہے ہیں۔ القصبی نے کہا کہ ہماری دنیا کو درپیش چیلنجوں کا تقاضا ہے کہ دونوں ملک ایک دوسرے کیلئے زیادہ بہتر تجارتی ماحول مہیا کریں۔ سرمایہ کاری کے حالات زیادہ سے زیادہ سازگار بنائیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اکنامک فورم 2کی بدولت دونوں ملکوں میں تعاون گہرا ہو گا۔ اماراتی وزیر تجارت سلطان المنصوری نے کہا کہ دونو ں ملکوں کے تعلقات تمام شعبوں خصوصاً اقتصادی شعبے میں بے حد مضبوط ہیں۔ دونوں ملکوں کے قائدین ایک دوسرے کی ضرورتیں پوری کرنے کی تاکید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب امارات کا عالم عرب میں سب سے بڑا اور دنیا بھر میں چوتھا بڑا شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ عرب دنیا کے طاقت ور ترین اقتصادی ممالک کی حیثیت سے دونوں ملک مضبوط اقتصادی اتحاد قائم کر سکیں  گے۔ ہمارا اتحاد عالمی مسابقت کے چیلنجوں پر پورا اترے گا۔ اقتصادی خطرات سے احسن شکل میں نمٹ سکے گا۔ سعودی ایوان ہائے تجارت و صنعت کے چیئرمین ڈاکٹر سامی العبیدی نے کہا کہ امارات میں 1300 کمپنیاں کانکنی، رئیل اسٹیٹ ، تھوک اور پرچون کے کاروبار ، مالیاتی و انشورنس سرگرمیوں  ، انتظامی خدمات ، تعلیم ، سائنس ٹیکنالوجی ، نقل و حمل ، کمیونیکیشن اور قیام و طعام کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ امارات کی حصص مارکیٹ میں بھی سعودی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ فریقین نے ایک دوسرے کے ہاں سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کیلئے دوطرفہ میٹنگز بھی کیں۔  
 
مزید پڑھیں:-  - - - -جدہ اور مکہ مکرمہ میں بارش کا امکان

شیئر: