سعودی وزارت دفاع نے جمعرات کو رات گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’پرنس سلطان ایئر بیس کی جانب داغے گئے تین بیلسٹک میزائلوں کو روک کر تباہ کردیا گیا۔‘
سعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ایک ڈرون کو مشرقی علاقے میں روک کر تباہ کیا گیا۔
وزارت نے بیان میں یہ نہیں بتایا یہ حملہ کب ہوا اور کس نے یہ میزائل داغے۔
اس سے قبل سرکاری ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ دارالحکومت ریاض کے جنوب مشرق میں واقع شہر الخرج کے نواح میں تین کروز میزائلوں کو روک کر تباہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے منگل کو ریاض میں امریکی سفارتخانے کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا، جس سے عمارت میں محدود آگ لگی اور معمولی نقصان پہنچا تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔
مملکت میں ایران کے سفیر نے ریاض کے سفارتی علاقے میں امریکی سفارتخانے کو ڈرون سے حملے کی تردید کی ہے۔
واصح رہے سعودی عرب نے پیر کو بھی پرنس سلطان ایئر بیس کے قریب پانچ معاندانہ ڈرونز کو فضا میں ہی روکنے اور انہیں تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔