Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مودی حکومت کےساڑھے 4 سالہ دور میں350چھوٹےاور 10بڑے ٹرین حادثات ؟

نئی دہلی۔۔۔سیمانچل ایکسپریس کی 11بوگیاں بہار کے ضلع حاجی پور میں پٹری سے اتر گئیں جس میں 9افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔ مشرقی وسطی ریلوے کے ترجمان راجیش کمار نے بتایا کہ جنرل بوگی ، اے سی اور سلیپر کلاس کی بوگیاں حادثے کا شکار ہوئیں۔حادثہ میں بعض زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے۔
وزارت ریلوے نے اعدادوشمار سے اس بات کی تصدیق کی کہ گزشتہ ساڑھے 4برسوں میں 350سے زائد چھوٹے بڑے ٹرین حادثات ہوئے۔ چھوٹے حادثات ریلوے کراسنگ پر ملازم کی غیر موجودگی کے باعث ہوئے جن میں ایک یا 2افراد ہلاک ہوئے۔2017ء میں جاری محکمہ ریلوے کی رپورٹ کے مطابق 2014-15میں 135حادثات، 2015-16ء میں 107حادثات اور 2016-17ء میں 104ٹرین حادثات ہوئے۔ان واقعات کے بعد وزارت ریلوے نے حادثات پر قابو پانے کی سرتوڑ کوششیں شروع کردیں۔جدید ٹیکنالوجی سمیت سیکیورٹی کے مختلف ذرائع استعمال کئے جانے لگے۔اس کے بعد ریلوے حادثات میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ریلوے افسر نے بتایا کہ 2016-17ء کے دوران 1503ملازموں سے خالی کراسنگ کو ختم کیا گیا جبکہ 484عوامی استعمال کیلئے قائم گیٹ کو انڈر پاس میں تبدیل کردیا گیا۔

مودی حکومت کےدوران ہونیوالے10 بڑے ٹرین حادثات:

1۔۔۔۔26مئی 2014ء کو اتر پردیش کے ضلع سنت کبیر نگر میں چورین ریلوے اسٹیشن کے قریب گورکھ دھام ایکسپریس نے اسی ٹریک پر آنے والی مال گاڑی کو ٹکر ماردی جس میں 22افراد کی موت ہوگئی تھی۔

2۔۔۔۔20مارچ 2015ء کو دہرادون سے وارانسی جانیوالی جنتا ایکسپریس پٹری سے اتر گئی۔ اس حادثے میں 34افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
3۔۔۔۔ 25مئی 2015ء کو کوشامبی کے سیراتھو ریلوے اسٹیشن کے نزدیک موری ایکسپریس حادثہ کا شکار ہوئی جس میں 25افراد ہلاک اور 300سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
4۔۔۔۔5اگست 2015ء کو مدھیہ پردیش کے علاقے ہردا کے قریب ایک ہی مقام پر 10منٹ کے دوران 2ٹرین حادثات ہوئے ۔ ان میں 31افراد ہلاک ہوئے ۔
5۔۔۔۔25جولائی 2016ء کو بھدولی علاقے میں مڈوا ڈیہہ ،الٰہ آباد پسنجر ٹرین اسکول کی منی بس سے ٹکرا گئی جس میں اسکول کے 10 طلبہ ہلاک ہوگئے تھے۔
6۔۔۔۔20نومبر 2016ء کو اتر پردیش کے ضلع کانپور کے قریب پکھرایاں میں حادثہ پیش آیا جس میں 150سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً200زخمی ہوگئے تھے۔
7۔۔۔۔17مارچ 2017ء کو بنگلورو کے ضلع چترا درگا میں ایک ایمبولینس سے ٹرین ٹکرا گئی جس میں 4خواتین کی موت ہوگئی تھی۔
8۔۔۔۔19اگست 2017ء کو اتر پردیش کے مظفر نگر میں اتکل ایکسپریس پٹری سے اتر گئی جس میں 22افراد ہلاک اور 156زخمی ہوئےتھے۔
9۔۔۔۔22نومبر 2017کو ہیرا کھنڈ ایکسپریس آندھرا پردیش کے ضلع وجیا نگرم میں پٹری سے اتر گئی تھی جس میں 39افراد ہلاک اور تقریباً36زخمی ہوئے تھے۔
10۔۔۔۔10اکتوبر 2018ء کو رائے بریلی کے ہرچند ریلوے اسٹیشن کے قریب 14003نیو فراکّا ایکسپریس ٹرین حادثہ کا شکار ہوئی ۔اس حادثے میں ٹرین انجن سمیت 9ڈبے پٹری سے اتر گئےتھے۔
مزید پڑھیں:-  - - - - -بہار: سیمانچل ایکسپریس کی11بوگیاں پٹری سے اتر گئیں،9افراد ہلاک
 

شیئر: