مدینہ: وادی العقیق کا ’واکنگ ٹریک‘ جو اہم تاریخی مقامات سے گزرتا ہے
وادی العقیق کا واکنگ ٹریک مسجد نبوی سے چھ کلومیٹر کی مسافت پر ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ کی وادی العقیق میں ’واکنگ ٹریک‘ وزیٹرز کے لیے ایک اوپن ٹورازم سپاٹ ہے جہاں تاریخ اور مذہبی اقدار کے ساتھ قدرتی حسن یکجا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وادی العقیق کا علاقہ اسلامی تاریخ کے حوالے سے بھی اہم ہے۔ دنیا بھر سے آنے والے وزیٹرز یہاں آتے ہیں۔
وادی العقیق کا شمار مدینہ منورہ کی مشہور وادیوں میں ہوتا ہے جس کا ذکر احادیث میں بھی ملتا ہے۔
یہاں موجود واکنگ ٹریک اہم تاریخی مقامات سے ہوتا ہوا گزرتا ہے جن میں حضرت سعد بن ابی وقاص اور حضرت عروہ بن الزبیر کے مکانات تھے۔
ان کے علاوہ وادی کے بعض مقامات پر موجود چٹانی پتھروں پر منقش تاریخی عبارتیں بھی پائی جاتی ہیں۔

وادی العقیق کا واکنگ ٹریک مسجد نبوی سے چھ کلومیٹر کی مسافت پر ہے جو معروف جامعہ اسلامیہ کے قریب بھی ہے جس کی وجہ سے مدینہ منورہ کے سیاحتی مقامات میں شامل ہے۔
یہ ٹریک تقریبا 1600 میٹر طویل ہے جبکہ اوسط چوڑائی 14 میٹر جبکہ مجموعی رقبہ 16500 مربع میٹر ہے۔
ٹریک کا یہ منصوبہ ماحولیاتی بحالی اور علاقے کی تزئین و آرائش کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا گیا جو تاریخی سیاحت کے لیے ایک اثاثہ بھی ہے۔

واکنگ ٹریک کی تعمیر میں ماحولیاتی توازن اور فطری حسن کو مدنظر رکھا گیا ہے جس میں علاقے کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے سبزے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
روشنی کے مناسب اور مسلسل انتظام کے لیے جدید اور خوبصورت لائٹوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔
