Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسٹ رینکنگ: پاکستان کی 7ویں پوزیشن برقرار

 
دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کی 7ویں پوزیشن برقرار ہے تاہم صرف ایک پوائنٹ کے فرق سے آگے سری لنکن ٹیم آسٹریلیا کے بعد جنوبی افریقہ میں بھی ٹیسٹ سیریز ہار گئی تو پاکستان ایک درجہ ترقی کرکے چھٹے نمبر پر آجائے گا۔ دوسری جانب ٹاپ 10 میں کوئی پاکستانی بیٹسمین شامل نہیں اور بابر اعظم 18ویں نمبر پر ہیں ۔ بولرز میں پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں سے آٹھویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔آسٹریلیا اور سری لنکا کی سیریز کے اختتام اور ویسٹ انڈیز ، انگلینڈ کے درمیان 2ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد جاری کردہ رینکنگ میں ٹیموں کی پوزیشن میں کوئی نمایاںتبدیلی نہیں آئی تاہم اگر انگلینڈ تیسرا ٹیسٹ بھی ہار گیا اور سری لنکا کو ویسٹ انڈیز نے شکست دی تو ٹیم رینکنگ میں تبدیلی ہو سکتی ہے ۔ بیٹسمینوں میں ویرات کوہلی ، کین ولیمسن اور چتیشواڑ پجارا ابتدائی3پوزیشنوں پر موجود ہیں۔ نئی رینکنگ میں عثمان خواجہ نے 8 درجے کی چھلانگ لگاتے ہوئے 13 ویں پوزیشن پر جگہ بنائی ہے۔ ٹریوس ہیڈ بھی کیریئر کی بہترین 20 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ بولرز میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے کیریئر کی بہترین دوسری پوزیشن حاصل کرلی جبکہ ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر 4درجے ترقی کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ ٹاپ 3 بولرز میں کاگیسو ربادا، پیٹ کمنزاور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔آل راونڈرز میں ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر سرفہرست ہیں۔ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور ہند کے رویندر جدیجہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی انگلینڈ اور آسٹریلیا کی سری لنکا کے خلاف سیریز فتوحات کے باوجود ٹیموں کی رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ ٹاپ 10 میں ہند پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے، انگلینڈ تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، سری لنکا چھٹے، پاکستان ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور زمبابوے دسویں نمبر پر ہے۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: